امریکہ: نیو جرسی میں مسافر ٹرین سٹیشن کی عمارت میں گھس گئی

ٹرین حادثہ تصویر کے کاپی رائٹ Google
Image caption عینی شاہدین کے مطابق ٹرین پوری رفتار سے عمارت سے ٹکرائی

امریکہ کی ریاست نیو جرسی میں ایک مسافر ٹرین ہوبوکن سٹیشن کی عمارت میں گھس گئی اور اس حادثے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ ٹرین ٹکٹ بیریئر سے ٹکراتی ہوئی استقبالیہ تک پہنچ گئی۔

تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرین کے ڈبوں کو اور سٹیشن کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ عمارت کی چھت کا ایک حصہ بھی ٹوٹ چکا ہے۔

عینی شاہدین نے حادثے کو ایک خوفناک منظر قرار دیا۔

حادثے کے بعد ایک بڑا ہنگامی امدادی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور امدادی کارکن لوگوں کو ٹرین کے ڈبوں سے نکلنے میں مدد دے رہے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption حادثے میں درجنوں افراد زحمی ہوئے ہیں

نیو جرسی ٹرانزٹ کی ترجمان جینیفر نیلن نے صحافیوں کو بتایا کہ زخمی افراد کو لے جانے کے لیے 20 ایمبیولینسز پہنچ چکی ہیں۔

بین فیئر کلوف نامی شخص نے بی بی سی کو بتایا کہ ’میں ٹرین میں تو نہیں تھا تاہم میں حادثے کے فوراً بعد وہاں پہنچا۔ چھت سے پانی گر رہا تھا اور لوگ ٹرین کی کھڑکیوں سے باہر پھلانگ رہے تھے۔ کئی لوگوں کے سر سے خون بہہ رہا تھا۔ ‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption امدادی کارکن زخمی افراد کو ٹرین کے ڈبوں سے نکلنے میں مدد کر رہے ہیں

ایک اور عینی شاہد مارک کارونا نے بتایا کہ سٹیشن پر خوفناک منظر تھا۔

’میں پلیٹ فارم کے نصف تک جا چکا تھا۔ میں نے دیکھا ایک ٹرین میری طرف آ رہی ہے۔ یہ پوری رفتار میں تھی اور پھر سے عمارت میں گھس گئی۔ میں جم سا گیا۔ لوگ چیخ رہے تھے، چھت گرنے لگی، میں جانے بچانے کے لیے بھاگا۔‘