’ایف بی آئی کو ہلیری کی ای میلز کا بڑا ذخیرہ مل جائے گا‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP

رپبلکن جماعت کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں وفاقی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کو ڈیموکریٹ جماعت کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کی ای میلز کا 'بڑا ذخیرہ' مل گیا ہے۔

انھوں نے یہ بات مشیگن میں ایک ریلی کے دوران کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کو امید ہے کہ 33 ہزار ڈیلیٹ کی گئی ای میلز مل جائیں گی۔

امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی کے سربراہ کا اپنے ادارے کو یہ بتانا کہ وہ ممکنہ طور پر ہلیری کلنٹن سے منسوب ای میلز کی تفیش کر رہے ہیں، قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آ سکتا ہے۔

ہیری ریڈ نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومے پر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایکٹ حکام کو انتخابات میں اثر انداز ہونے سے روکتا ہے۔

امریکہ کے تفتیشی ادارے ایف بی آئی کی جانب سے ہلیری کلنٹن کی ای میلز سے متعلق نئی تحقیقات کی خبر امریکہ میں آئندہ ماہ چھ نومبر کو ہونے والے صدارت انتخاب سے دو ہفتے قبل سامنےآئی ہے۔

دریں اثنا ایف بی آئی نے سابق امریکی وزیرِ خارجہ کی نائب ہما عابدین کی ای میلز تلاش کرنے کے لیے وارنٹ حاصل کیے ہیں۔

یہ خیال ظاہر کیا جاتا ہے کہ ہیلری کلنٹن سے متعلق یہ ای میلز ہما عابدین کے سابق شوہر اینتھونی وینر کے لیپ ٹاپ سے ملی تھیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

ایف بی آئی کو یقین ہے کہ ہلیری کلنٹن جو اس وقت امریکی وزیرِ خارجہ تھیں، کے نجی سرور پر حساس معلومات موجود تھیں۔

ہلیری کلنٹن کے خلاف یہ مقدمہ جولائی میں ختم کر دیا گیا تھا اور ان کے خلاف کوئی الزام بھی عائد نہیں کیا گیا تھا۔

ایک اندازے کے مطابق لیپ ٹاپ میں ساڑھے چھ لاکھ ای میلز ہیں لیکن ان میں یہ واضح نہیں کہ کس نے کس کو ای میل کی اور یہ ای میلز کس حوالے سے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ’یہ ای میلز کی بہت بڑی تعداد ہے۔ میرے خیال میں وہ 33 ہزار ای میلز مل جائیں گی جو لاپتہ تھیں۔ شکریہ ہما۔ ہما بہت عمدہ کام کیا ہے۔ شکریہ انتھنی وائنر۔‘

تاہم ہلیری کلنٹن نے اوہائیو میں ایک ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ ایف بی آئی ان کے ساتھی کی ای میلز چیک کر سکتی ہے۔

’ایف بی آئی کو ای میلز دیکھنی چاہیے اور مجھے یقین ہے کہ وہ اسی نتیجے پر پہنچیں گے جس نتیجے پر وہ پچھلے سال کی تلاش کے بعد پہنچے تھے۔ اور وہ یہ تھا کہ کچھ غلط نہیں ہوا۔‘

اسی بارے میں