ڈیوڈ کیمرون اور عدنان قادر لندن سکول آف اکنامکس میں کمیشن کے شریک چیئرمین

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور پاکستانی نژاد عدنان قادر خان لندن سکول آف اکنامکس اور یونیورسٹی آف آکسفورڈ کی جانب سے معاشی ترقی کے لیے بنائے جانے والے کمیشن کی مشترکہ سربراہی کریں گی۔

ڈیوڈ کیمرون اور عدنان قادر خان جو کہ انٹرنیشنل گروتھ سینٹر کے کے پروفیسر اور پالیسی ڈائریکٹر ہیں مل کر نازک اور جنگ کی صورتحال میں معیشت کو بڑھانے کے حوالے سے پالیسی بنانے میں رہنمائی فراہم کریں گے۔

انٹرنیشنل گروتھ سینٹر کے مطابق ڈیوڈ کیمرون اور عدنان قادر خان کے علاوہ افریقن ڈویلپمنٹ بینک کے سابق صدر ڈاکٹر ڈونلڈ کبریروکا بھی اس کمیشن کے شریک چیئرمین ہوں گے۔

یہ کمیشن دنیا بھر میں جنگ اور نازک صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ دیکھے گا کہ ممالک بنیادی ضروریات زندگی جن میں تعلیم، صحت، سکیورٹی شامل ہیں فراہم کرنے میں ناکام ہوتے ہیں یا انھیں ناکام ہونے کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ یہ کمیشن حکومتوں، بین الاقوامی ڈونرز اور غیر سرکاری تنظیموں کے لیے جنگ زدہ ممالک میں بہتر معاشی پیداوار میں مدد فراہم کرنے کے لیے پالیسیاں تجویز کرے گا۔