شاہد آفریدی کا پشاور زلمی سے علیحدگی کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ AAMIR QURESHI
Image caption شاہد آفریدی نے 2016 میں پی ایس ایل کے پہلے ٹونامنٹ میں پشاور زلمی کی کپتانی کی تھی

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر شاہد خان آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔

ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انھوں نے کہا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر پشاور زلمی سے علیحدہ ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کی ٹیم کے لیے ان کی نیک تمنائیں ہیں اور جہاں تک پشاور میں ان کے مداحوں کا تعلق ہے تو وہ جانتے ہیں کہ وہ جہاں بھی جائیں گے مداح ان کا ساتھ دیں گے۔

یاد رہے کہ پشاور زلمی پاکستان سپر لیگ 2017 کی چیمپیئن ٹیم ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں پشاور کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈیئٹرز سے ہوا تھا تاہم شاہد آفریدی زخمی ہونے کی وجہ سے فائنل کھیل نہیں سکے تھے۔

شاہد آفریدی نے 2016 میں پی ایس ایل کے پہلے ٹونامنٹ میں پشاور زلمی کی کپتانی کی تھی تاہم اس سال زلمی ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈیرن سیمی کی قیادت میں کھیلی۔

تصویر کے کاپی رائٹ @SAfridiOfficial

یاد رہے کہ شاہد آفریدی پاکستان کی جانب سے 27 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں جن میں انھوں نے 36.51 رنز کی اوسط سے 1716 رنز بنائے ہیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے ٹیسٹ میچوں میں 48 وکٹیں بھی لے رکھی ہیں۔

ایک روزہ میچوں میں شاہد آفریدی نے پاکستان کی 398 مرتبہ نمائندگی کی جن میں انھوں نے 23.57 رنز کی اوسط سے 8064 رنز بنائے اور کل 395 وکٹیں لیں۔

اسی بارے میں