لاہور کے آؤٹ فال روڈ پر دھماکہ، 24 افراد زخمی

لاہور

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں آؤٹ فال روڈ پر پیر کی رات فروٹ کے ایک کھڑے ٹرک میں دھماکے سے 24 افراد زخمی ہو گئے۔

لاہور کے ایس ایس پی آپریشن اطہر اسماعیل نے بی بی سی کو بتایا کہ دھماکہ ٹرک میں موجود بارودی مواد کا معلوم ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کی جگہ پر پانچ فٹ گہرا کھڈا پڑ گیا جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ بارودی مواد کو ٹرک میں چھپایا گیا تھا۔

لاہور: بیدیاں روڈ پر دھماکہ، 'چار اہلکاروں سمیت چھ ہلاک'

لاہور کے علاقے ڈیفنس کی کمرشل مارکیٹ میں دھماکہ، نو ہلاک

اطہر اسماعیل کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مذید تفتیش جاری ہے تاہم ابتدائی طور پر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس ٹرک کو کسی تخریبی کارروائی میں استعمال کیا جانا تھا۔

کمشنر لاہور عبد اللہ سنبل کا بی بی سی کے نامہ نگار عمر دراز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جس جگہ پر دھماکہ ہوا وہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے اتوار والے جلسے کے راستے کے انتہائی قریب تھا۔

یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ابتدائی منصوبے کے مطابق اتوار کو اسلام آباد سے لاہور ریلی کی صورت میں آنا تھا تاہم انھوں نے اپنا پروگرام تبدیل کر لیا اور نئے پلان کے مطابق اب انھوں نے بدھ کو براستہ جی ٹی روڈ اسلام آباد سے لاہور آنا ہے۔

عبداللہ سنبل کا کہنا تھا کہ گو کہ وقوعہ کی جگہ سابق وزیراعظم کی ریلی کے نئے راستے پر براہ راست واقع نہیں مگر اس سے زیادہ دور بھی نہیں۔

ان کا کہنا تھا ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ ٹرک وہاں کھڑا کیا گیا تھا اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ٹرک وہاں کتنی دیر سے پارک تھا؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بھی معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اگر بارودی مواد ٹرک میں موجود تھا تو اس میں دھماکہ کس وجہ سے ہوا؟

عبداللہ سنبل نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر وہ افراد تھے جو ٹرک کے قریب کھڑے تھے یا پاس سے گزر رہے تھے۔

زیادہ تر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے کر رخصت کر دیا گیا تھا تاہم شدید زخمی ہونے والے افراد کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں