کم کرڈیشیئن کا ویب سائٹ پر ہتک عزت کا دعویٰ

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption کم کرڈیشیئن امریکی ماڈل اور ٹی سٹار ہیں

امریکی ماڈل اور ٹی وی سٹار کم کرڈیشیئن ویسٹ ایک گاسپ ویب سائٹ پر مقدمہ دائر کر رہی ہیں جس نے دعویٰ کیا تھا کہ گذشتہ ہفتے پیرس میں انھوں نے لوٹے جانے کی جھوٹی افواہ پھیلائی تھی۔

مقدمہ ہتک عزت کا ہے تاہم اس میں نقصانات کے بارے میں وضاحت نہیں ہے۔

یہ مقدمہ گاسپ سائٹ میڈیا ٹیک آؤٹ اور ان کے بانی فریڈ موانگاگوہنگا دونوں کے خلاف دائر کیا گيا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں مسلح ڈاکوؤں نے کم کرڈیشیئن کو پیرس کے ایک فلیٹ میں باندھ دیا تھا اور ایک کروڑ ڈالر کے زیورات لے کر فرار ہو گئے تھے۔

یہ مقدمہ نیویارک کی وفاقی عدالت میں دائر کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 'فرانس میں ڈاکے کے ایک خوفناک اور المناک واقعے کی شکار کم کرڈیشیئن کو امریکہ واپسی پر مزید نشانہ بنایا گیا اور اس بار ایک آن لائن گاسپ سائٹ اس میں شامل ہے جس نے اکتوبر کے اوائل میں متعدد مضامین کے ذریعے انھیں جھوٹی اور چور کہا۔'

اس میں کہا گیا ہے کہ 'مضامین میں بغیر کسی ٹھوس شواہد کے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کرڈیشیئن نے ڈکیتی کی غلط خبر دی، تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے بارے میں دروغ گوئی سے کام لیا اور پھر انشورنس کمپنی نے لاکھوں ڈالر ٹھگنے کا جھوٹا دعویٰ کیا۔'

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption 35 سالہ کم دو بچوں کی ماں ہیں اور انھوں نے موسیقار کانیے ویسٹ سے شادی کی ہے

مقدمے میں کہا گيا ہے کہ مسٹر موانگاگوہنگا نے انھیں 'جھوٹی اور مجرم' کہنے پر معافی نامہ شائع کرنے اور معافی مانگنے سے انکار کر دیا۔

تاہم ابھی تک میڈیا میک آؤٹ نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

خیال رہے کہ 35 سالہ کم دو بچوں کی ماں ہیں اور انھوں نے موسیقار کانیے ویسٹ سے شادی کی ہے اور وہ اپنی ریئلٹی ٹی وی سیریز کی بدولت امریکہ کے بیشتر گھروں میں جانی پہچانی جاتی ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں