انڈیا: کرینہ اور سیف علی خان کے نوزائیدہ بیٹے کے نام پر تنازع

سیف کرینہ تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption چند رز قبل ہی کرینہ کپور اور سیف کے گھر میں ایک بچے نے جنم لیا ہے جس کا نام تیمور علی خان رکھا گیا ہے

انڈیا میں بہت سے سخت گیر ہندو لوگوں کو کو اس بات پر اعتراض ہے کہ آخر بالی وڈ کے اداکار سیف علی خان اور کرینہ کپور نے اپنے بیٹے کا نام تیمور علی خان کیوں رکھا ہے۔

جیسے ہی یہ خبر آئی کہ پٹودی خاندان نے اپنے بیٹے کا نام تیمور علی خان پٹودی رکھا ہے تو اس کی مخالفت اور حمایت کا دور شروع ہو گیا۔

اعتراض کرنے والوں کا کہنا ہے کہ تیمور خان نے ہندوستان پر حملہ کیا تھا اور وہ ہندوؤں کا قاتل ہے اس لیے ایسے حملہ آور کا نام نہیں رکھا جانا چاہیے تھا۔

سخت گیر ہندو تنظیم ہندو مہا سبھا کے جنرل سکریٹری کمار سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ تیمور لنگ نے ہندوستان پر حملہ کرکے لاکھوں ہندوؤں کا قتل کیا تھا اس لیے کروڑ ہندو اس سے نفرت کرتے ہیں۔ انھوں نے کرینہ کپور سے اپنے بچے کا نام بدل کر کوئی ہندو نام رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔

حمایت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ نام سے کچھ نہیں ہوتا اور یہ ماں باپ کا حق ہے کہ وہ کیا نام رکھیں۔

ٹوئٹر پر بھی کچھ لوگ بچے کا نام رکھنے کے والدین کا حق بتا رہے ہیں تو کچھ لوگوں نے تیمور نام رکھنے پر سوال اٹھائے ہیں۔

’آئی ایم ٹرائبل‘ نام کے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا: 'گذشتہ 27 سال سے میرا نام تیمور علی خان ہے اور میں نے کسی ملک پر حملہ نہیں کیا، اپنے پڑوسی تک پر نہیں ...'

لنڈسے پریئرا نے لکھا: 'ہم بچوں پر حملہ کیوں کر رہے ہیں؟ کیونکہ ہمارے ... لیڈروں کو خواتین، طالب علموں، دلتوں اور اقلیتوں پر حملہ کرنے میں کوئی اعتراض نہیں ہے۔'

کپل روتیلا نے ٹویٹ کیا: 'تیمور علی خان نام میں کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن کرینہ کو یہ نام پسند کیسے آیا؟'

’دلدار ایس ایم‘ ہینڈل سے لکھا گیا ہے: 'شکر ہے کرینہ اور سیف نے اپنے بچے کا نام 'کنہیا' نہیں رکھا ورنہ بھکتوں کی جان پر بن آتی۔'

’اتم نائٹس‘ لکھتے ہیں: 'اگر آپ کسی کا نام تیمور رکھتے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اسی راستے پر چلے گا ۔۔۔'

اس دوران سوشل میڈیا پر کرینہ کپور کے چچا اور تیمور علی خان کے نانا رشی کپور نے بھی تیمور نام کی مخالفت کرنے والے لوگوں کو سخت جواب دیا ہے۔

رشی کپور نے ٹوئٹر پر لکھا: 'آپ سب لوگ اس بات کو لے کر کیوں فکر مند ہیں کہ ماں باپ اپنے بچے کا کیا نام رکھتے ہیں۔ آپ سب اپنے کام پر توجہ دیں کیونکہ اس کا آپ سے کچھ بھی لینا دینا نہیں ہے۔ یہ والدین کی ان کی اپنی خواہش ہے۔'

ایک اور شخص نے ٹوئٹر پر لکھا: 'تمام ناموں میں سے تیمور ..... والدین ایسا نام کیسے رکھ سکتے ہیں۔'

اس پر رشی کپور نے جواب دیا: 'تم اپنے کام سے کام رکھو تمہارے بیٹے کا نام تو نہیں رکھا نا۔ آپ ہوتے کون ہو تبصرہ کرنے والے۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں