ہر سال کے پہلے ہفتے فلمیں فلاپ ہوتی ہیں؟

تصویر کے کاپی رائٹ UTV

نئے سال کا پہلا ہفتہ ہے اور فلمی ستارے اپنی فلموں کی پروموشن کر رہے ہیں۔ اکشے کمار نے اپنی بیوی ٹوینکل کھنہ کے ناول پر مبنی فلم کے اس سال ریلیز ہونے کی بات کی ہے۔

شاہد کپور نے کافی عرصہ باتوں میں رہنے کے بعد ڈائریکٹر وشال بھاردواج کی فلم ’رنگون‘ کے پرومو کے چھ جنوری کو ریلیز ہونے کی اطلاع ٹویٹ کر دی ہے۔

غور کرنے والی بات یہ ہے کہ اس دوران ایک بھی نئی فلم ریلیز ہوتی نظر نہیں آئی۔ جس کی وجہ فلم کے ناکام ہوجانے کا بالی ووڈ کا ایک پرانا خوف ہے۔

اسی وجہ سے کوئی بھی ڈویلیپر سال کے پہلے جمعہ پر اپنی فلم ریلیز نہیں کرتا ہے اور جو فلمیں ریلیز ہوتی بھی ہیں تو وہ اچھا بزنس نہیں کر پاتیں۔

’شوروغل‘ کے خالق ڈائریکٹر ششی ورما نے بی بی سی کے سشات موہن سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’کہنے کو یہ صرف ایک بات ہے، لیکن اعداد و شمار اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ سال کے پہلے ہفتے میں ریلیز ہونے والی فلمیں اخراجات بھی نہیں وصول کر پائیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ T SERIES

اعداد و شمار کے مطابق سال 2007 سے اب تک سال کے پہلے جمعہ پر ریلیز ہونے والی فلموں میں صرف ’نو ون كلڈ جیسیکا‘ نے ہی اچھا بزنس کیا۔ اکشے کمار جیسے سٹار کی فلم ’چاندنی چوک ٹو چائنا‘ کو بھی پہلے ہفتے ناظرین نہ ملے سکے۔

سال کے پہلے جمعہ کو ریلیز ہونے والی فلموں کے فلاپ ہونے کے کئی اسباب میں سے ایک تو یہ ہے کہ اس دوران فلم کے پروموشن کے لیے ستارے خود دستیاب نہیں ہوتے ہیں۔

25 دسمبر آتے آتے بالی ووڈ میں چھٹی کا ماحول آ جاتا ہے اور چاہ کر بھی فلموں کو حسب منشا مارکیٹنگ نہیں مل پاتی۔

تصویر کے کاپی رائٹ TEVAR POSTER

ڈائریکٹر اندر کمار کے مطابق ’نئے سال کی چھٹیوں سے واپس آنے والے لوگ بھی فلموں سے زیادہ اپنے کاموں پر توجہ دیتے ہیں اور سینیما کے لیے ناظرین کے پاس اتنا وقت نہیں بچتا۔‘

گذشتہ دس سالوں کے اعدادوشمار پر نظر ڈالنے سے معلوم ہوتا ہے کہ جنوری میں ریلیز ہوئی کئی بڑی فلموں کو پہلے ہی ہفتے میں اتار دینا پڑا۔ فلموں کی اس فہرست میں ’تیور‘ اور ’جو بھی کروا لو‘ جیسی بڑی بجٹ کی فلموں بھی شامل ہیں۔

اس وجہ سے سال کے پہلے ہفتے میں بالی ووڈ اور باکس آفس پر ایک طرح کا سناٹا چھایا رہتا ہے۔ ویسے اس سال پہلے ہفتے کے ’جنكس‘ کو توڑتے ہوئے چھوٹے پردے کے جانے مانے مزاحیہ آرٹسٹ سنیل گروور کی فلم ’کافی ود D‘ ریلیز ہو رہی ہے۔

اس کے علاوہ 13 جنوری کو آدتیہ رائے کپور اور شردھا کپور کی فلم ’اوکے جانو‘ بھی سینیما گھروں میں آئے گی۔

باکس آفس کی اس سال کی پہلی طویل چھٹی 26 جنوری کو ساتھ ختم ہوگی جب سینیما گھروں پر شاہ رخ خان ’رئیس‘ اور رہتک روشن ’قابل‘ کے ساتھ دستک دیں گے۔