کیا قطرینہ اور انوشکا دیپکا کی دوست ہیں؟

دیپکا پاڈوکون تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption دیپکا پاڈوکون اپنی ہالی وڈ فلم کی ریلیز سے قبل پرجوش نظر آ رہی ہیں

بالی وڈ کے فلم ساز کرن جوہر کے چیٹ شو 'کافی ود کرن' میں گفتگو کے دوران کئی بار کچھ غیر معمولی باتیں سامنے آ جاتی ہیں۔

حال ہی میں ان کے شو پر بالی وڈ اداکارہ قطرینہ کیف اور انوشکا شرما ایک ساتھ آئی تھیں۔

جب ان دونوں سے پوچھا گیا کہ کیا وہ دیپکا پڈوکون کی اچھی دوست ہیں تو ان کے منہ سے یکلخت نکلا: ’نہیں۔‘ اس کے فوراً بعد دیپکا نے ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انھوں نے لكھا: ’یہ لڑکیاں پرجوش تھیں۔ کتنی پرمزاح یہ قسط تھی۔‘

لیکن سوشل میڈیا پر یہ لکھنے سے بات ختم نہیں ہوئی۔ سوال اٹھے اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے دیپکا نے کہا: ’میرے اور ان کے درمیان کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ یہ ضروری تو نہیں کہ آپ کسی شخص کے لیے جو محسوس کرتے ہیں، دوسرا بھی آپ کے لیے ویسا محسوس کرے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption قطرینہ کیف ان دنوں سلمان خان کے ساتھ ایک بار پھر نظر آ رہی ہیں

انھوں نے مزید کہا: ’اس میں کوئی بڑی بات نہیں۔ مجھے انوشکا اور قطرینہ دونوں کا کام پسند ہے اور مجھے وہ ذاتی طور پر بھی پسند ہیں۔ میری طرف سے آل دی بیسٹ۔‘

ابھی دیپکا پاڈوکون کا سارا دھیان ان کی اپنی آنے والی فلم پر ہے۔ ہالی وڈ میں ان کی پہلی فلم ’ٹرپل ایکس: ریٹرن آف ژینڈڑ کیج‘ کی ریلیز کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں ان کی مذکورہ فلم 20 جنوری کو ریلیز ہو رہی ہے جبکہ انڈیا میں یہ ایک ہفتہ پہلے یعنی 14 جنوری کو ریلیز ہو رہی ہے۔

ایسے میں دیپکا پاڈوکون کا کہنا ہے کہ وہ ملک کی نمائندگی کرکے بہت خوش ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اس فلم کا ایکشن سکیوئنس زبردست ہے۔

انھوں نے کہا: ’ایک نئے سٹار کے ساتھ دنیا مجھے دیکھے گی۔ یہ ہالی وڈ میں میرا پہلا قدم ہے۔ میں بہت نروس ہوں، لیکن حوصلہ مند بھی۔ مجھے یقین ہے کہ یہ فلم لوگوں کو پسند آئے گی کیونکہ اس میں جو ایڈوینچرز (مہمات) ہیں شاید انھوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوں گی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption انوشکا شرما ایک بار پھر سے وراٹ کوہلی کے ساتھ نزدیکیوں کے سبب سرخیوں میں ہیں

انھوں نے اپنے حال ٹویٹ میں اپنے کو سٹار وین ڈیزل کو مخاطب کرتے ہوئے ہندی میں ٹویٹ کیا ہے: ’انڈیا بے صبری سے تمہارا انتظار کر رہا ہے۔ جلد ہی 12 اور 13 جنوری کو ملاقات ہوگي۔ ہم سب کا ڈھیر سارا پیار۔‘

دیپکا اس فلم کے علاوہ سنجے لیلا بھنسالی کی تاریخی کردار پر مبنی فلم ’پدماوتی‘ میں بھی نظر آئیں گی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں