فلم لالا لینڈ نے گولڈن گلوب میں نئی تاریخ رقم کی

لا لا لینڈ کو سات اعزاز تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

فلم ’لا لا لینڈ‘ نے گولڈن گلوب میں نئی تاریخ رقم کی ہے۔ اس فلم کو سات گولڈن گلوب ایوارڈز ملے ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل کسی فلم نے سب سے زیادہ چھ ایوارڈز جیتے تھے جو کہ ’ون فلیو اوور دی ککوز نیسٹ‘ کو سنہ 1978 میں ملا تھا۔

اسکے علاوہ ’ڈاکٹر زیواگو‘ اور ’گاڈ فادر‘ سمیت چار فلموں کو پانچ ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔

میرل سٹریپ کو انٹرٹینمٹ کی دنیا میں گراں قدر خدمات کے لیے رواں سال کا ’سیسل بی ڈی ملیئر‘ ایوارڈ سے نوازا گيا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP/Getty Images
Image caption ایزابیل ہوپرٹ کو فلم ایلی میں اداکاری کے لیے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ فارن فلم زمرے میں پال ورہووین کی فلم ایلی کو بہترین فلم قرار دیا گيا

انھوں نے اعزاز کو قبول کرتے ہوئے اپنے خطاب میں نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا جنھوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ایک معذور رپورٹر کا مذاق اڑایا تھا اور خواتین اور نسلی بنیاد پر اقلیتوں کے خلاف جارحانہ بیان دیے تھے۔

فلم 'لا لا لینڈ' کو سات درجوں میں نامزدگی ملی تھی اور اسے ساتوں میں کامیابی بھی ملی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption کامیڈی زمرے میں بہترین اداکار اور اداکارہ کے ایوارڈز بھی فلم لالا لینڈ کے ملے

ایما سٹون اور ریان گوسلین کو مزاحیہ فلموں میں اداکاری کے زمرے میں بہترین اداکار اور اداکارہ کے انعامات ملے۔ فلم کو بہترین ڈائرکٹر، سکرین پلے، سکور اور سانگ کے علاوہ بہترین میوزیکل یا کامیڈی کا بھی ایوارڈ ملا۔

جبکہ بہترین فلم کا ایوارڈ ’مون لائٹ‘ کو دیا گيا جبکہ کیسی ایفلک اور ایزابیل ہیوپرٹ کو بہترین اداکار اور اداکارہ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption اداکار کیسی ایفلک کو 'مانچسٹر بائی دا سی' میں اداکاری کے لیے ایوارڈ سے نوازا گیا

’دا کراؤن‘ کو بہترین ڈراما ٹی وی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

خیال رہے کہ گولڈن گلوب ایوارڈز کو آسکر ایوارڈز کا کرٹین ریزر کہا جاتا ہے۔ یعنی جو فلمیں یہاں کامیاب ہوتی ہیں عام طور پر آسکر ایوارڈز میں انھی فلموں کی دھوم ہوتی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑہ اور صوفیہ ورگرا ریڈ کارپٹ پر سنہرے رنگ کے جلوے بکھیر رہی تھیں

ایوارڈز کی یہ تقریب کیلیفورنیا کے بیورلی ہلز میں موجود ہلٹن ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں بالی وڈ سے پرینکا چوپڑہ موجود تھیں۔

کوانٹیکو کی اداکارہ نے جیفری ڈین مورگن کے ساتھ ٹی وی ڈرامے کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ پیش کیا۔ یہ ایوارڈ بلی باب تھارنٹن کو 'گولیاتھ' کے لیے دیا گیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP/Getty Images
Image caption میرل سٹریپ کو انٹرٹینمٹ کی دنیا میں گرانقدر خدمات کے لیے رواں سال کا 'سیسل بی ڈی ملیئر' ایوارڈ سے نوازا گيا ہے

پرینکا چوپڑہ گذشتہ سال اکیڈمی ایوارڈز یعنی آسکر میں بھی شامل ہوئی تھیں اور انھوں نے اپنے لباس سے لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کیا تھا۔

اس بار انھوں نے سنہرے رنگ کو پسند کیا اور انڈیا میں امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان کی خوش لباسی کا اس بار بھی اعتراف کیا جائے گا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption پرینکا چوپڑہ اداکار جیفری ڈین مورگن کے ساتھ پوز کر رہی ہیں

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں