سٹار وارز کے خالق لاس اینجلس میں میوزیم بنائیں گے

  • 11 جنوری 2017
تصویر کے کاپی رائٹ AP

مشہور فلم سیریز سٹار وارز کے خالق جارج لوکس لاس اینجلس میں 'میوزیم آف نیریٹو آرٹ' قائم کریں گے۔

اس پروجیکٹ کے منتظمین کے مطابق سان فرانسسکو کے بجائے لاس اینجلس میں میوزیم بنانے کا فیصلہ بہت غور و خوض کے بعد کیا گیا ہے۔

میوزیم کی تعمیر پر ایک ارب ڈالر تک کی لاگت آئے گی اور جارج لوکس تمام اخراجات خود اٹھائیں گے۔

اس میوزیم میں مختلف مشہور فلموں کی یادگاری اشیا رکھی جائیں گی، جن میں سٹار وارز سیریز کی فلمیں، وزرڈ آف آز اور کیسابلانکا وغیرہ شامل ہیں۔

میوزیم میں سٹار وارز کے ڈارتھ ویڈر کردار کے ماسک کے علاوہ جارج لوکس کی ذاتی کلیکشن سے مخصوص یادگاری اشیا اور معروف مصوروں کی تصاویر بھی رکھی جائیں گی۔

تصویر کے کاپی رائٹ PA

یہ میوزیم لاس اینجلس کے ایکسپوزیشن پارک میں تعمیر کیا جائے گا جس کے نزدیک دیگر سیاحتی مقامات بھی واقع ہیں۔ یہ مقام یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا سے بھی نزدیک ہے جہاں سے جارج لوکس نے فلم کی تعلیم حاصل کی تھی۔

لاس اینجلس کے میئر ایرک گارسیٹی نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ان کا شہر اس میوزیم کے لیے بہترین جگہ ہے جہاں 'زیادہ سے زیادہ لوگ اسے دیکھنے آ سکتے ہیں۔'

جارج لوکس کا اس میوزیم کو پہلے شکاگو میں بنانے کا ارادہ تھا لیکن وہاں مخالفت کے بعد انھوں نے اپنے ارادے کو تبدیل کر دیا۔ پھر سان فرانسسکو نے ٹریژیر آئی لینڈ میں اس میوزیم کے لیے جگہ مختص کی لیکن اس پروجیکٹ کے منتظمین متاثر نہ ہوئے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں