’کاجول اب میری دوست نہیں ہیں‘

کاجول تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption کرن نے انکشاف کیا کہ ان کے اور کاجول کے درمیان کشیدگی کا سبب ان کے شوہر اجے دیو گن ہیں

بالی وڈ میں جہاں دشمنیوں کی مثالیں دی جاتی رہی ہیں وہیں دوستی کی مثالیں بھی موجود ہیں دشمنی اور پھر دوستی کی ایک مثال تو سلمان خان اور شاہ رخ خان بھی ہیں۔

لیکن کرن جوہر اور کاجول کی دوستی جو تقریباً 26 سال پرانی تھی اب دشمنی نہیں تو کم از کم ناراضی میں ضرور تبدیل ہوتی نظر آ رہی ہے۔ کچھ عرصے پہلے ہی کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ اور کاجول کے شوہر اجے دیوگن کی فلم ’شوائے‘ کے درمیان تنازع اور ٹکراؤ کرن اور کاجول کی دوستی پر بھاری پڑا۔

بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے ککل کریں

ٹوئٹر پر ہونے والی لڑائی نے کافی خراب شکل اختیار کر لی تھی اور دونوں میں کشیدگی صاف نظر آنے لگی تھی۔ خبر ہے کہ کرن جوہر نے اپنی بائیو گرافی ’این ان بِلیو ایبل بوائے‘ میں انکشاف کیا کہ ان کے اور کاجول کے درمیان کشیدگی کا سبب ان کے شوہر اجے دیو گن ہیں۔

کرن نے بتایا کہ اب کاجول اور وہ دوست نہیں رہے۔ کرن کی بائیو گرافی کے کچھ پیرا گراف سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔ اب دیکھتے ہیں کہ یہ پرانے دوست کب تک ایک دوسرے سے ناراض رہتے ہیں۔

سوشل میڈیا ہماری زندگی کا کس طرح سے اٹوٹ انگ بن چکا ہے اس بات کا اندازہ تو اب تک ہمیں ہو ہی چکا ہے لوگ ہر ضروری اور غیر ضروری کام، اعلان، وعدے اور ارادے سوشل میڈیا پر ہی کرتے ہیں اب چاہے محبت ہو یا بریک اپ، لڑائی ہو یا دوستی کا اظہار یہاں تک کہ اپنے حاملہ ہونے کی خوش خبری بھی لوگوں کو سوشل میڈیا پر ہی دی جاتی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption لیسا ہیڈن نے گذشتہ سال ہی ایک تاجر ڈینو لال وانی سے شادی کی تھی

جی ہاں اداکارہ لیسا ہیڈن نے انتہائی بنداس اور انوکھے انداز میں بکنی میں اپنی ایک تصویر سوشل میڈیا پر ڈال کے بتایا ہی نہیں بلکہ دکھایا کہ وہ ماں بننے والی ہیں۔ لیسا حال ہی میں کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں نظر آئی تھیں۔

انھوں نے گذشتہ سال ہی ایک تاجر ڈینو لال وانی سے شادی کی تھی۔ بہرحال ابھی تو لیسا نے اپنی یہ تصویر سوشل میڈیا پر شائع کی ہے اب پتہ نہیں بچے کی پیدائش کی خوش خبری وہ کس انداز میں دینے والی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption صوفیہ کا کہنا تھا کہ جس انسان کی شادی راکھی سے ہوگی وہ انتہائی خوس قسمت ہوگا

کیا آپ راکھی ساونت کو ایک دلہن یا بہو کے روپ میں تصور کر سکتے ہیں؟ راکھی کی دوست اور ماڈل صوفیہ حیات نے نئے سال میں ایک عہد کیا ہے کہ وہ اس سال راکھی کی شادی کروا کر ہی دم لیں گی۔ صوفیہ کا کہنا تھا کہ جس انسان کی شادی راکھی سے ہوگی وہ انتہائی خوس قسمت ہوگا۔ لیکن لگتا ہے کہ راکھی کو اس بے چارے شخص کی قسمت پر رحم آگیا اور جواب میں انھوں نے جھٹ سے ایک بیان دے ڈالا کہ وہ فی الحال تو وہ شادی نہیں کرنا چاہتیں اور سنگل ہی خوش ہیں۔

راکھی جو ہمیشہ سے ہی منہ پھٹ رہی ہیں اور نہ تو بولنے سے پہلے سوچتی ہیں اور نہ ہی بولنے کے بعد انھوں نے شادی نہ کرنے کا فیصلہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ بابا رام دیو اور سلمان خان جیسے غیر شادی شدہ لوگوں کو دیکھ کر انھیں لگتا ہے وہ بھی انہی کی طرح خوش قسمت ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں