شاہ رخ خان ڈگی میں کب سفر کرتے ہیں؟

شاہ رخ تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شاہ رخ خان کی فلم 'رئیس' 25 جنوری کو ریلیز ہو رہی ہے اور یہ فلم انڈسٹری میں ان کا 25 واں سال بھی ہے

گاڑی کے ڈگی میں سامان اور انسان دونوں سما سکتے ہیں اور بالی وڈ کے معروف اداکار شاہ رخ گاڑی کی سیٹ اور ڈگی دونوں جگہ بیٹھ جاتے ہیں۔

بی بی سی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے بتایا: جب میں کسی دوست سے ملنے جانا چاہتا ہوں تو میں اپنے سر پر ہڈ پہن لیتا ہوں یا پھر گاڑی کی ڈگی میں بیٹھ جاتا ہوں۔ میرا سائز ہی ایسا ہے کہ میں فٹ ہو جاتا ہوں۔

سنہ 2017 میں شاہ رخ خان کو فلم انڈسٹری میں 25 سال ہو جائیں گے۔ شاہ رخ خان کی فلم ’رئیس‘ 25 جنوری کو ریلیز ہوگی جس میں ان کے ساتھ پاکستان اداکارہ ماہرہ خان اور نواز الدين صدیقی نظر آ رہے ہیں۔

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں
مجھے لگتا ہے میں نے کام ابھی ہی شروع کیا ہے: شاہ رخ خان

سنہ 1992 میں ٹی وی کی دنیا سے فلموں میں قدم رکھنے والے شاہ رخ خان اپنے کریئر کے آغاز میں ولن کے کردار میں نظر آئے، چاہے وہ ’بازی گر‘ ہو یا ’انجام‘ یا ’ڈر‘۔ پھر بڑے پردے پر ’راہل‘ اور ’راج‘ کے نام سے انھوں نے رومانوی فلمیں کیں اور فلمیں سپر ہٹ رہیں۔ جو فلم سائن کی ان انجام اچھا ہی رہا۔

شاہ رخ خان کا کہنا ہے: ’میں نے ہمیشہ اپنے دل کی بات مانی ہے۔ بہت بار ایسا ہوا ہے کہ جو میں نے کیا وہ میرے لیے درست ثابت ہوا لیكن دوبارہ میں ویسا ہی کروں اور وہ صحیح ہو، یہ کیسے ہوگا مجھے پتہ نہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ ان کے گھر کے لوگ یہ جانتے اور سمجھتے ہیں کہ شاہ رخ ہر جگہ نہیں جا سکتے

سال در سال یکے بعد دیگرے ہٹ فلمیں آئیں۔ اب عالم ایسا ہے کہ باہر گئے تو میڈیا اور مداح انھیں گھیر لیں گے۔ شاہ رخ خان نے باتايا کہ ان گھر کے افراد سمجھتے ہیں کہ وہ ہر جگہ نہیں جا سکتے۔ ’انھیں یہ معلوم ہے کہ اگر انھیں کہیں باہر کھانے جانا ہے تو میں ان کے ساتھ ہر بار نہیں جاؤں گا۔ اگر جاؤں گا تو لوگ آئیں گے ملنے، تصاویر لینے، ایک تصویر كھنچواؤ تو 10-15 اور آئیں گے۔ ہمیں اس بات سے زیادہ تکلیف نہیں۔‘

25 سالوں میں اگر شاہ رخ خان کو لوگوں سے محبتیں ملی ہیں تو انھیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔ کبھی سوشل میڈیا نے ان کی باتوں پر انھیں نہیں بخشا تو ان کی کچھ فلاپ فلموں پر خوب مذاق اڑایا گيا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption شاہ رخ خان ابتدا میں منفی کردار نبھاتے نظر آئے تھے

شاہ رخ خان نے کہا: ’کچھ چیزیں ہیں جو کبھی کبھی ’آؤٹ آف کنٹرول‘ ہو جاتی ہیں۔ کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ کچھ سادہ سی باتیں، کچھ عام باتیں کچھ لوگوں کو ٹھیس پہنچا جاتی ہیں۔ مجھے اس پر صدمہ ہوا ہے، مجھے جھٹکا لگا ہے اور اب ایسا ضرور ہے کہ میں کچھ باتیں سوچ سمجھ کر بولتا ہوں۔‘

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں