میری نجی زندگی کو کلکس کے لیے بیچنا بند کریں: مومنہ مستحسن

Image caption حال ہی میں سوشل میڈیا پر ان کی منگنی ٹوٹ جانے کی خبر گردش کر رہی تھی

پاکستان کی نوجوان گلوکارہ مومنہ مستحسن نے اپنی منگنی ٹوٹنے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں پر کہا ہے کہ ان کی نجی زندگی میں مداخلت کر کے شہرت نہ کمائی جائے۔

مومنہ مستحسن نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ بھی کسی عام انسان کی طرح یہ حق رکھتی ہیں کہ ان کی نجی زندگی صرف ان تک محدود رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے نجی معاملات کو مذاق اور تفریح کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر ان کی منگنی ٹوٹ جانے کی خبر گردش کر رہی تھی۔

مومنہ نے کہا کہ کوئی بھی خبر وہ خود سنا دیں گی لیکن اندازوں پر مبنی خبریں نہ چلائی جائیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ چاہیں گی کہ افواہوں پر مبنی ایسے تمام احمقانہ آرٹیکلز ہٹا لیے جائیں اور ان کی نجی زندگی کو کلکس کے لیے نہ بیچا جائے۔

تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER
Image caption مومنہ نے کہا کہ کوئی بھی خبر وہ خود سنا دیں گی

24 سالہ مومنہ نے ویسے تو انجینیئرنگ اور ریاضی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے مگر کوک اسٹوڈیو کے حالیہ سیزن نے انھیں راتوں رات مشہور کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ نومبر میں بی بی سی اردو کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں مومنہ نے میڈیا سے کسیی حد تک نالاں رہنے کے بارے میں کہا تھا کہ 'یہ سب شہرت کا حصہ ہے۔ جہاں اتنے لوگ آپ کو سراہتے ہیں وہی بعض ہراساں کرنے سے باز نہیں آتے۔'

ان کے بقول بالی وڈ کے لیے گائیکی کرنے کے باوجود یہی وہ ڈر تھا جس نے مومنہ کو کئی برس تک کیمرے کے سامنے آنے سے روکے رکھا۔