’میں نے ایک گیت میں آپ کو اٹھایا تو تھا‘

ماہرہ اور شاہ رخ تصویر کے کاپی رائٹ Spic PR
Image caption فلم رئیس کا ایک منظر جس میں ماہرہ خان اور شاہ رخ ایک گیت پر رقص کرتے نظر آ رہے ہیں

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ ان کی پہلی بالی وڈ فلم 'رئیس' پاکستان میں جلد ہی ریلیز ہو گی اور انھیں امید ہے کہ وہ ان کے وطن میں اچھا بزنس کرے گی۔

انھوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس سے قبل انھوں نے اپنی فلم کے پروموشن میں شامل نہ ہونے پر افسوس ظاہر کیا تھا۔

انڈیا کی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق انھوں نے کہا: ’یہ فلم پاکستان میں جلد ہی ریلیز ہو گی اور دنیا بھر کی طرح یہاں بھی لوگ اس کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ یہ پاکستان میں حیرت انگيز طور پر اچھا بزنس کرے گی۔‘

اس موقعے پر ان کے ساتھ اداکار شاہ رخ خان، نوازالدین صدیقی اور فلم ساز ریتیش سدھوانی بھی موجود تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption ممبئی میں فلم کے ایک پروموشن کے دوران شاہ رخ، سنی لیون اور نوازالدین صدیقی موجود تھے

ماہرہ خان نے یہ بھی کہا کہ انھیں یہ امید تھی کہ شاہ رخ خان ان کے لیے بھی اپنے سگنیچر سٹائل میں بانھیں پھیلائيں گے اور ان کا دوپٹہ بھی ہوا میں لہرائيں گے لیکن ایسا نہ ہو سکا۔

فلم سے متعلق اپنے تجربات کے بارے میں انھوں نے کہا: ’فلم سائن کرنے کے بعد ہم ایک فوٹو شوٹ کر رہے تھے۔ مجھے پتہ چلا کہ شاہ رخ آئے ہیں۔ ہم دوڑتے ہوئے ان کے پاس پہنچے اور سلام کلام ہوا۔ انھوں نے کہا کہ سب ٹھیک ٹھاک رہے گا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Spice PR
Image caption ماہرہ خان اور شاہ رخ خان فلم کے ایک گیت میں

'کچھ دیر بعد میں نے سوچا کہ ہوائيں چلنے لگيں گی، پیڑوں سے پتے جھڑنے لگیں گے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔ اس کے برعکس میں واحد ہیروئن ہوں جس کے لیے انھوں نے اپنی بانھیں نہیں پھیلائیں۔'

شاہ رخ خان جو وہاں موجود تھے انھوں نے حاضر جوابی سے کام لیتے ہوئے کہا: 'آپ چھوٹی ہیں۔۔۔ میں نے ایک گیت کے دوران آپ کو اٹھایا تو تھا۔'

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption شاہ رخ کا باہیں پھیلانے کا انداز ان کا مخصوص انداز تسلیم کیا جاتا ہے

ماہرہ نے کہا کہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں بہت پرجوش تھیں کیونکہ وہ ان کی مداح ہیں اور ان کی فلمیں دیکھ کر بڑی ہوئی ہیں۔ 'جب میں ممبئی آئی تو سوچا کم از کم میرا دوپٹہ تو اڑے گا اور شاہ رخ خان دوڑتے ہوئے میری جانب آئيں گے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔'

Image caption ماہرہ خان اور شاہ رخ کی پہلی فلم ’رئیس‘ جلد پاکستان میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی

شاہ رخ نے ایک بار پھر اس کا اپنے انداز میں جواب دیا: 'اب تم ہر کسی کو میری عمر بتانا چاہتی ہو۔ ہم نے دوپٹے والا ایک منظر گجرات میں تو شوٹ کیا ہے۔۔۔ ہاں فلم زیادہ بجٹ کی نہیں تھی اس لیے ہم سوئٹزرلینڈ نہیں گئے۔'

پاکستان میں اب انڈین فلموں کی نمائش پر عائد عارضی پابندی ہٹائی جا چکی ہے اس لیے یہ فلم وہاں جلد ہی ریلیز ہو گی۔ فلم پاکستان کے علاوہ ہر جگہ 25 جنوری کو ریلیز ہوئی تھی اور اس نے ابھی تک 100 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کر لیا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں