’یہود مخالف رویہ‘، ڈزنی کا یوٹیوب سٹار سے قطع تعلق

فیلکس تصویر کے کاپی رائٹ Google
Image caption فیلکس یوٹیوب پر بہت مقبول ہیں

امریکی انٹرٹینمنٹ کمپنی ڈزنی نے معروف یو ٹیوب سٹار ’پیو ڈائی پائی‘ پر یہودی مخالف خیالات رکھنے کا الزام لگنے کے بعد ان سے معاہدہ ختم کر دیا ہے۔

گذشتہ چند ماہ کے دوران ’پیو ڈائی پائی‘ نے مبینہ طور پر اپنی متعدد ویڈیوز میں یہودی مخالف مواد شامل کیا تھا۔

دوسری جانب ’پیو ڈائی پائی‘ جن کا اصلی نام ’فیلکس کجل برگ‘ ہے، نے تسلیم کیا ہے کہ ان کی ویڈیوز میں ایسا مواد شامل تھا جس سے لوگوں کی دل آزاری ہوسکتی ہے۔

لیکن اس کے ساتھ ان کا کہنا ہے کہ وہ کسی کے متعلق بھی نفرت انگیز رویہ نہیں رکھتے۔

سویڈن کے شہری فیلکس یوٹیوب پر بہت مقبول ہیں اور سنہ 2016 میں یوٹیوب سے انھیں پندرہ ملین ڈالر کی آمدن ہوئی ہے۔

فیلکس کا ڈزنی کی ایک ذیلی کمپنی ’میکر سٹوڈیوز‘ سے معاہدہ تھا۔

یہ کمپنی متعدد یوٹیوب سٹارز کے ساتھ کام کرتی ہے اور ہر ماہ ان سٹارز کی ویڈیوز اربوں بار یوٹیوب پر دیکھی جاتی ہیں اور ویڈیوز کے ساتھ چلنے والے اشتہارات سے بڑے پیمانے پر آمدن ہوتی ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اگرچہ یہ درست ہے کہ فیلکس کے اشتعال انگیز اور غیر احترامانہ رویے کی وجہ سے انھیں یوٹیوب پر پسند کیا جاتا ہے لیکن ان ویڈیوز میں انھوں نے حد پار کردی ہے۔‘

خیال رہے کہ گذشتہ برس ٹوئٹر نے ’پیو ڈائی پائی‘ کی جانب سے شدت پسند گروہ نام نہاد دولتِ اسلامیہ کے بارے میں مزاحیہ ٹویٹس کرنے پر ان کا اکاؤنٹ عارضی طور پر معطل کر دیا تھا۔

اسی بارے میں