’سلمان اور ہریتک کے بارے میں جو کہا، مذاق تھا‘

تصویر کے کاپی رائٹ SABA QAMAR/FACEBOOK
Image caption صبا قمر جلدی ہی عرفان خان کے ساتھ بالی ووڈ کی فلم 'ہندی میڈیم' میں نظر آنے والی ہیں۔

پاکستانی اداکارہ صبا قمر کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ سٹارز کے بارے میں ان کی جو ویڈیو سوشل میڈیا پر مقبول ہو رہی ہے، وہ ایک پرانا شو ہے جس میں صرف مزاح کے لیے ان سے سوال پوچھے گئے تھے اور ان کا جواب بھی انھوں نے اسی انداز میں دیا تھا اور اس سے ان کا مطلب کسی کی دل آزاری یا تزہیک کرنا ہرگز نہیں تھا۔

بی بی سی اردو سے خصوصی بات چیت میں صبا نے کہا کہ بالی ووڈ سٹارز اور خاص طور پر سلمان اور ہریتک کی بہت بڑی مداح ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ خود ایک فنکار ہیں اس لیے کسی فنکار کا مذاق نہیں اڑا سکتیں۔

مذکورہ ویڈیو پاکستانی شو ’گڈ مارننگ زندگی‘ سے لی گئی ہے جس میں جب صبا سے پوچھا گیا کہ اگر انھیں ان بالی ووڈ سٹارز کے ساتھ کام کرنے کے لیے کہا جائے مگر ان کو انکار کرنا پڑے تو وہ کس طرح انکار کریں گی۔

ان سٹارز میں سلمان خان، ہریتک روشن اور عمران ہاشمی کا نام لیا گیا تھا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر سلمان خان کے ساتھ انھیں فلم آفر ہوئی تو وہ کیسے انکار کریں گی تو صبا نے انھیں چھچورا کہا اور عمران ہاشمی کے بارے میں جواب دیتے ہوئے صبا نے کہا کہ انھیں منہ کا کینسر نہیں چاہیے۔

اس وقت یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور بھارتی میڈیا میں بھی صبا کی اس ویڈیو پر خبریں شائع ہو رہی ہیں۔

صبا جلدی ہی عرفان خان کے ساتھ بالی ووڈ کی فلم ’ہندی میڈیم‘ میں نظر آنے والی ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر کبھی ان کا سامنا سلمان یا ہریتک سے ہوا تو کیا وہ ان کے سامنے اس بات کی صفائی پیش کرنا چاہیں گی تو صبا قمر کا کہنا تھا کہ حالانکہ یہ صرف ایک مذاق تھا اور انھوں نے یہ سب سنجیدگی سے نہیں کہا تھا لیکن پھر بھی وہ اس بات کی معافی منگنا چاہتی ہیں۔

صبا کا کہنا تھا انڈین ٹی وی شو کافی وِد کرن میں بھی اسی طرح کی باتیں ہوتی ہیں تو پھر ان کی اس ویڈیو کو اتنا کیوں اچھالا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ بالی ووڈ سٹار کی عزت اور ان سے پیار کرتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سرحد کی دونوں جانب لوگوں کے دلوں میں پیار ہے اور فن کا سرحدوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

اسی بارے میں