امریکہ: ریلوے لائن پر فوٹو شوٹ کرنے والی حاملہ ماڈل ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ FACEBOOK/FREDZANIA THOMPSON
Image caption پولیس کے مطابق فریزنیہ حادثے کے وقت حاملہ تھیں

امریکی ریاست ٹیکسس میں ایک نوجوان ماڈل ریلوے لائن پر تصاویر کھنچوارہی تھیں کہ اچانک آنے والی ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگئیں۔

19 سالہ فریزانيہ تھامسن نیواسوٹا میں ریلوے لائن پر فوٹو كھنچوا رہی تھیں کہ اسی وقت ایک ٹرین آ گئی اور وہ اس کی زد میں آگئیں۔

ریلوے لائن پر کھڑی ان کی یہ آخری تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق فریزانیہ حادثے کے وقت حاملہ تھیں۔ وہ ایک ٹرین سے اترنے کے بعد بغل والی ریلوے لائن پر تصاویر کھنچوا رہی تھیں کہ دوسری جانب سے ایک اور ٹرین آگئي اور انھیں کچلتی ہوئی نکل گئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ FACEBOOK/FREDZANIA THOMPSON
Image caption ریلوے لائن پر کھڑی ان کی یہ آخری تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے

فریزانیہ کی ماں هیكیمي سٹيوینسن نے مقامی اخبار ’دی ایگل‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ فریزانیہ کا پہلا فوٹو شوٹ تھا اور وہ یقینی طور پر یہی پیشہ اختیار کرنا چاہتی تھیں۔

نیواسوٹا میں پولیس کے سربراہ ليتھ نے نيوزبيٹ کو بتایا کہ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ لیکن اب تک ایسا نہیں لگا ہے کہ اس میں کوئی مجرمانہ سازش ہو۔

تصویر کے کاپی رائٹ FACEBOOK/FREDZANIA THOMPSON

دوسری جانب جس ٹرین سے فریزانیہ حادثے کا شکار ہوئیں اس کو چلانے والی کمپنی یونین پیسیفک کے ترجمان جیف ڈی گراف نے اس پر وضاحت پیش کی ہے۔

انہوں نے کہا: ’ہم نے ریلوے لائن پر کوئی فوٹو شوٹ ہوتے نہیں دیکھا۔ ٹرین کے نزدیک آنے پر عملے کے لوگوں نے فوٹو گرافر اور دوسرے لوگوں کو ریلوے لائن پر دیکھا، انھیں خبردار کیا اور ٹرین روکنے کی کوشش بھی کی۔‘

امریکہ کے وفاقی ریل انتظامیہ کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ برس ریلوے لائن پر حادثے کا شکار ہونے والے تقریبا 813 لوگوں کی موت ہوئی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں