'کیا میرا اور سنیل کا جھگڑا ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہے؟'

  • 20 مار چ 2017
کپل اور سنیل تصویر کے کاپی رائٹ FACEBOOK
Image caption کپل شرما اور سنیل گروور نے بہت مقبول پروگرامز پیش کیے ہیں

انڈیا میں کامیڈی کے لیے معروف کپل شرما ان دنوں اپنے ہی شو کے ایک ساتھی سے لڑنے کی وجہ سے خبروں کی سرخیوں میں ہیں۔

دو تین دن سے میڈیا میں یہ خبریں گشت کر رہی ہیں کہ کپل شرما کا اپنے ہی شو میں 'گتھی' اور 'ڈاکٹر گلاٹی' جیسے کردار ادا کرنے والے اداکار سنیل گروور سے طیارے میں جھگڑا ہوا۔

اطلاعات کے مطابق کپل نشے میں تھے اور انھوں نے سنیل کو برا بھلا کہا۔ بات اتنی بڑھ گئی کہ سنیل نے ان کا شو چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

جب بی بی سی نے کپل شرما اور سنیل گروور سے بات کرنے کی کوشش کی تو دونوں نے ہی کوئی جواب نہیں دیا۔

تاہم پیر کی صبح کپل شرما نے اپنے فیس بک پر اس بارے میں بات کی ہے۔

اپنے پوسٹ کی ابتدا میں ہی انھوں نے لکھا ہے کہ لڑائی کی خبر کہاں سے آئی اور اسے 'پھیلانے' کے پیچھے کیا محرکات ہیں تاہم پوسٹ میں دونوں کے درمیان 'تو تو میں میں' کی بات تسلیم کی گئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP/GETTY IMAGES
Image caption کپل شرما کا پروگرام کامیڈی نائٹس ود کپل انڈیا میں بہت معروف ہے

انھوں نے لکھا : ’میں اچھا وقت گزار رہا تھا کہ سنیل گروور سے لڑائی کی خبریں سنيں۔ یہ خبر کہاں سے آئی۔۔۔ اس کے پیچھے کیا محرکات ہیں ... اگر میں فلائٹ میں ان سے لڑا تھا تو یہ کس نے دیکھا اور آپ کو اس بات کی معلومات کس نے دی ۔۔۔ جس نے دی کیا وہ بھروسے کے قابل ہے؟‘

کپل نے مزید لکھا: 'کچھ لوگوں کو اس طرح کی باتوں میں مزا آتا ہے۔۔۔ ہم ساتھ کھاتے ہیں ۔۔۔ ساتھ گھومتے ہیں ۔۔۔ میں نے اپنے بھائی سے سال میں ایک بار ملتا ہوں لیکن اپنی ٹیم کے ساتھ کم و بیش ہر دن گزارتا ہوں ۔۔۔ خاص طور سے سنیل ۔۔۔ میں ان سے محبت کرتا ہوں ۔۔۔ ان کا احترام کرتا ہوں۔'

اور پھر انھوں نے یہ لکھتے ہوئے جھگڑے کی بات قبول کی: 'ہاں میری ان سے تکرار ہوئی تھی ۔۔۔ لیکن کیا ہم عام لوگ نہیں ہیں؟ میں پانچ سال میں پہلی بار ان پر چللایا۔اتنا تو چلتا ہے بھائی۔ ہم بات کریں گے کہ دقت کہاں ہوئی؟'

ان کی اس پوسٹ سے یہ بھی واضح ہو گیا کہ وہ اس معاملے کو جلد سے جلد حل کرنا چاہتے ہیں۔ کپل نے لکھا: 'میں بطور آرٹسٹ اور انسان انھیں بہت پسند کرتا ہوں ۔۔۔ وہ میرے بڑے بھائی کی طرح ہیں۔ لیکن ہر وقت اتنی منفی سوچ کیوں؟'

تصویر کے کاپی رائٹ facebook
Image caption کپل نے سوموار کی صبح اپنے اور سنیل کے بارے میں پوسٹ ڈالی

کپل کے مطابق وہ میڈیا کا احترام کرتے ہیں لیکن دوسرے کئی سنگین مسائل ہیں جن پر غور کرنا چاہیے۔

انھوں نے سوال اٹھایا: 'کیا میرا اور سنیل کا جھگڑا ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے؟ ہم اپنے خاندان کے بجائے ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ وقت گزارتے ہیں ۔۔۔ کئی بار خاندانوں میں بھی ایسا ہوتا ہے۔ یہ ہمارا خاندانی معاملہ ہے ۔۔۔ ہم اسے نمٹا لیں گے ۔۔۔ زیادہ مزے مت لیا کرو۔'

اور پوسٹ کے آخر میں انھوں نے لکھا: 'ٹھیک ہے ٹائپ کرتے کرتے میں تھک گیا ہوں ۔۔۔ میں فرنگی کے فائنل شیڈيول کے لیے جا رہا ہوں۔ سوری، پھر سے پروموشن کرنے لگا ۔۔۔ آپ سب کی محبت اور نیک خواہشات کے لیے آپ کا شکریہ ۔۔۔ مسکراتے رہیے اور ہمیشہ خوش رہیے۔۔۔'

اس سے پہلے بھی کپل اور سنیل گروور کے درمیان ان بن کی خبریں آئیں تھی اور سنیل ان کے شو سے جدا ہوکر اپنا شو کرنے چلے گئے تھے۔ بعد میں دونوں کے درمیان صلح ہو گئی اور سنیل کپل کے ساتھ واپس آئے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سنیل گروور کو گتھی کے کردار کے لیے بہت مقبولیت ملی

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں