ہم جنس ولن کی وجہ سے’بیوٹی اینڈ دی بیسٹ‘ پر کویت میں پابندی

تصویر کے کاپی رائٹ DISNEY
Image caption اس فلم میں ایما واٹسن نے بیلے اور اداکار ڈین سٹیونز نے بیسٹ کا کردار بنھایا ہے

کویت میں مشہور فلم بیوٹی اینڈ دی بیسٹ کے ری میک میں ایک ہم جنس کردار کو دکھانے پر اسے سینیما گھروں سے ہٹا لیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ سنسر بورڈ کے حکام کی جانب سے کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس فلم میں ولن کے کردار کو ہم جنس پرست دکھایا گیا ہے۔ یہ کسی بھی ڈزنی فلم میں پہلا ہم جنس کردار ہے۔

کویت میں سینیما گھروں کو چلانے والی نیشنل سینیما کمپنی کے ایک بورڈ ممبر کا کہنا ہے اس فلم کی ایڈٹنگ کے بعد اسے اگلے ہفتے نمائش کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

ڈزنی نے ابھی تک کویتی حکام کے اس فیصلے پر اپنا ردعمل نہیں دیا۔ اس فلم میں ایما واٹسن نے بیلے اور اداکار ڈین سٹیونز نے بیسٹ کا کردار بنھایا ہے۔ یہ فلم اب تک دنیا بھر میں تین سو پچاس ملین ڈالر کا بزنس کرچکی ہے۔ اسے جمعرات کو کویت میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

لیکن نیشنل سنیما کمپنی نے جو کہ کویت کے تیرہ میں سے گیارہ سنیما چلاتی ہے پیر کے روز ان لوگوں سے رابطہ کیا جو فلم کے ٹکٹ خرید چکے تھے اور انھیں مطلع کیا کہ فلم کی سکریننگ منسوخ کردی گئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ DISNEY
Image caption اس فلم میں ولن کے کردار کو ہم جنس پرست دکھایا گیا ہے

کمپنی نے غیر متوقع مسائل کو اس منسوخی کی وجہ قرار دیا اور کہا کہ ٹکٹ کی مکمل رقم واپس کردی جائے گی۔

بعد میں کمپنی کے بورڈ کے رکن دوائیج الخلیفہ الصباح نے ایسوسی ایٹڈ نیوز ایجنسی کو بتایا کہ انھیں کویت کے سنسر بورڈ کے حکام کی جانب سے فلم کی سکرینگ کو روکنے کا کہا گیا اورہدایت کی گئی کہ اس فلم کو مزید سنسر کرنے کے بعد ہی نمائش کے لیے پیش کیا جائے۔

اس سے پہلے ملائیشیا میں اس فلم کو سنسر کرنے کی درخواست کی گئی تھی تاہم ڈزنی نے فلم کو سنسر کرنے کے بجائے ملائیشیا میں اس کی ریلیز روک دی تھی۔ امریکہ کی ریاست البامہ کے ایک سینیما گھر میں بھی اس فلم کی سکریننگ منسوخ کی جاچکی ہے۔

اسی بارے میں