ودیا بالن فلم انڈسٹری کیوں چھوڑنا چاہتی تھیں؟

تصویر کے کاپی رائٹ RAINDROP PR

بالی وڈ میں بااثر اداکاری سے اپنی خاص شناخت بنانے والی اداکارہ ودیا بالن کا کہنا ہے کہ ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب وہ فلم انڈسٹری کو ترک کردینے کے بارے میں سوچنے لگی تھیں۔

بی بی سی کے ساتھ ایک خاص بات چیت کے دوران ودیا بالن نے کہا: 'فلم 'ہے بے بی' اور 'قسمت کنکشن' کے وقت میرے وزن اور میرے لباس کے حوالے سے مجھ پر نکتہ چینی ہونے لگی تھی۔ میں سوچ میں پڑ گئی کہ کیا کچھ وقت تک میری جو تعریفیں ہوا کرتی تھیں کہیں وہ صرف ایک اتفاق تو نہیں تھا۔ اس دوران ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کی جانب سے بھی مجھ پر کافی تنقید ہو رہی تھی۔'

ودیا کہتی ہیں: 'مجھے محسوس ہونے لگا کہ کہیں ایسا تو نہیں کہ میں اس انڈسٹری کے قابل ہی نہیں ہوں۔ میں نے جلد ہی محسوس کیا کہ مجھے مضبوط ہونا ہوگا اور باہر نکلنا ہو گا۔'

تصویر کے کاپی رائٹ VIDYA BALAN FACEBOOK

فلم 'پا'، 'ڈرٹی پکچر' یا پھر سوجوائے گھوش کی فلم 'کہانی' جیسی فلموں کا ودیا بالن کے بغیر تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔

اپنے کریئر کے آغاز میں 'پرنيتا' اور 'منا بھائی' جیسی فلموں کے لیے ودیا بالن کی کافی تعریف ہوئی تھی۔

بالی وڈ میں آج کوئی بھی فلم ہدایت کار جب خواتین کے موضوع پر فلم بنانا چاہتا ہے تو ودیا بالن اس کی پہلی پسند ہوتی ہیں۔ اس مقام تک پہنچنا اس اداکارہ کے لیے آسان نہیں تھا۔ تمام طرح کی تنقید کے بعد بھی اگر آج وہ اس مقام پر ہیں تو اس کا کریڈٹ وہ اپنی ضد کو دیتی ہیں۔

ودیا کہتی ہیں: 'میں بہت ضدی ہوں۔ میں اتنی نکتہ چينیوں کے بعد بھی نہیں بدلی شاید اسی لے میں ودیا بالن ہوں۔'

ودیا آج کل اپنی آنے والی فلم 'بیگم جان' کے پروموشن میں مصروف ہیں۔ حالیہ کچھ برسوں میں ان کی کئی فلمیں مسلسل فلاپ بھی ہوئی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ VIDYA BALAN FACEBOOK

وہ کہتی ہیں کہ وہ اس دن کو آج بھی نہیں بھول پاتی ہیں جب عامر خان کی وجہ سے ان کی انا کو ٹھیس پہنچی تھی۔

ودیا بتاتی ہیں: 'عامر خان کی وجہ سے مجھے ایک بار بڑا دھچکا لگا۔ میں سوگ میٹنگ میں گئی تھی۔ وہاں فلم انڈسٹری سے صرف میں ہی موجود تھی۔ میڈیا سے آنے والے لوگ میری تصویریں کھیںچ رہے تھے۔ لیکن جیسے ہی عامر خان آئے ساری میڈیا مجھے دھکا دے کر عامر کی جانب چلی گئی۔ اس سے میرے دل کو بہت دھچکا لگا۔ عامر کی جگہ کوئی اور بھی ہو سکتا تھا۔ لیکن میں یہ سمجھ گئی کہ جو آپ سے زیادہ کامیاب ہے لوگ اس کے پیچھے دوڑتے ہیں۔ مجھے اس وقت خراب ضرور لگا تھا لیکن آج میں ان چیزوں پر غور نہیں کرتی۔'

اصل زندگی میں اپنی کمزوریوں اور ناکامیوں کو پیچھے چھوڑ کر کامیابی کی منزل تک پہنچنے والی ودیا مانتی ہیں کہ شاید اسی وجہ سے انھیں سکرین پر بھی ایسے ہی کردار کرنا پسند ہیں جو اپنی کمزوریوں پر کامیابی حاصل کر سکیں کیونکہ ایسے کرداروں سے وہ خود کو جوڑ پاتی ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں