'رستم کے اکشے اور دنگل کے عامر کا موازنہ'

اکشے کمار تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption اکشے کمار کو فلم رستم کے لیے بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے

اکشے کمار نے 20 سال کے اپنے کریئر میں بالی وڈ کو بہت سی ہٹ فلمیں دی ہیں لیکن انھیں کبھی کوئی ایوارڈ نہیں مِلا لیکن سات اپریل کی شام ان کے لیے کافی کچھ بدل گیا اور انھیں ان کی فلم 'رستم' میں بیسٹ ایکٹنگ کے لیے نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اکشے اس اچانک ملنے والی خبر سے بہت خوش ہیں اور انھوں نے اس پر کافی حیرانی بھی ظاہر کی۔ اس نیشنل ایوارڈ پر صرف اکشے ہی نہیں بہت سے لوگ حیران ہوئے اور سوشل میڈیا پر'رستم' کے اکشے اور 'دنگل' کے عامر کا موازنہ کرتے ہوئے لوگوں نے سوال اٹھائے کہ جیوری نے یہ فیصلہ کس بنیاد پر کیا۔

اکشے واقعی بہت با صلاحیت اداکار ہیں لیکن یہ بھی کہا جاتا ہے کہ سوشل میڈیا پر خود کو ایک بڑا محبِ وطن دکھانے والے اکشے کو پوسٹر بوائے بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ لیکن عامر خان اس ایوارڈ کے مستحق کیسے ہوسکتے ہیں کیونکہ انھیں تو 'اینٹی نیشنل' کا تمغہ پہلے ہی دے دیا گیا تھا۔ یہ اور بات ہے کہ انھوں نے پاکستان میں اپنی فلم دنگل رلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے بشرطیکہ کہ فلم سے انڈیا کے قومی ترانے اور پرچم کے مناظر نہ نکالے جائیں۔ 'میرا بھارت مہان‘۔

روینہ ٹنڈن کی شکایت یا پروموش؟

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption روینہ ٹنڈن ایک لمبے عرصے کے بعد ایک بار پھر سے پردۂ سیمیں پر نظر آنے والی ہیں

ویسے نیشنل ایوراڈ تو اداکارہ روینہ ٹنڈن کو مل چکا ہے۔ اب ان کا کہنا ہے کہ انڈسٹری میں سچ بولنے اور کھل کر بات کرنے والوں کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 1991 میں 'پتھر کے پھول' فلم سے ڈبیو کرنے والی روینہ کہتی ہیں کہ ایمانداری اور حق کی بات کرنے والوں کے لیے انڈسٹری میں رہنا مشکل ہے۔

روینہ شاید بھول رہی ہیں کہ یہ بات صرف بالی وڈ نہیں پورے انڈیا پر لاگو ہوتی ہے جس کی تازہ مثال عامر خان ہیں۔

فلم 'دمن' کے لیے نیشنل ایوارڈ لینے والی روینہ بھی اچانک شکایتی پٹاری لے بیٹھی ہیں۔ غالباً اس کی وجہ ان کی فلم 'ماتر' ہے جو جلدی ہی ریلیز ہونے والی ہے۔ اب فلم کے پروموشن کے لیے کچھ کہانیاں تو بنانی ہی پڑیں گی۔

ہمیش کی سلمان بھکتی!

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption ہمیش ریشمیا موسیقار گلوکار کے علاوہ اداکار بھی ہیں

سلمان خان کے بھکت ہمیش ریشمیا نے موسیقی کی دنیا میں آج تک جو بھی کام کیا وہ سلمان کے ساتھ، سلمان کے لیے، سلمان کے کہنے پر اور سلمان کی وجہ سے کیا۔

اب ہمیش سلمان کے لیے ایک اور مہان (عظیم) کام کرنے جا رہے ہیں اور وہ کام ہے سلمان کی مبینہ گرل فرینڈ یولیا وینتور کے گانے کی ایلبم۔

یولیا رومانیہ کی ایک ٹی وی اداکارہ ہوا کرتی تھیں لیکن اب وہ چاہتی ہیں کہ بالی وڈ میں ان کی پہچان سلمان کی گرل فرینڈ سے بڑھ کر کچھ اور بھی ہو تو انھوں نے گانے کا فیصلہ کیا اور وہ بھی ہندی میں۔ پھر کیا تھا ہمیش بھائی اپنے بھائی کی دوست کی پہچان بنانے کے کام میں جی جان سے لگ گئے اور جھٹ پٹ ایک البم تیار کر ڈالی۔

البم کی پروموشن کے دوران یولیا سلمان خان کے بارے میں ہر طرح کے سوالوں کو بڑی خوبصورتی سے ٹال گئیں۔ اب دیکھتے ہیں کہ البم مارکیٹ میں آنے کے بعد یولیا کی پہچان بدلے گی یا ہمیش ریشمیا کا پتہ۔

متعلقہ عنوانات