اکشے بہترین اداکار تو سونم اور اجے کی فلمیں بہترین

اکشے، اجے اور سونم تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption اکشے کمار کو بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا تو سونم کپور کی فلم نیرجا کو بہترین فلم قرار دیا گیا

بالی وڈ کے 'کھلاڑی' کہے جانے والے اداکار اکشے کمار کو 64 ویں نیشنل فلم ایوارڈز میں فلم 'رستم' کے لیے بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے جبکہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملیالم فلم کی اداکارہ سربھی لکشمی کو فلم 'مننامیننگو' کے لیے دیا گیا ہے۔

بہترین فلم کا ایوارڈ سونم کپور کی اداکاری والی فلم 'نیرجا' کو دیا گیا جبکہ اجے دیوگن کی ہدایت میں بننے والی فلم 'شیوائے' کو سپیشل ایفیکٹس والی بہترین فلم قرار دیا گیا۔

٭ کیا سونم عالیہ کی کامیابی سے ناخوش ہیں؟

٭ فلم فیئر ایوارڈز: دنگل، عامر اور عالیہ آگے

اکشے کمار کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیے جانے پر سوشل میڈیا میں تنقید جاری ہے اور اس ایوارڈ کو سیاسی قرار دیا جا رہا ہے۔

بہر حال ٹوئٹر پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اکشے کمار نے ایک ویڈیو جاری کیا ہے جس کے ساتھ یہ لکھا ہے کہ وہ 'شدت جذبات سے مغلوب ہیں' اور اس وقت ان کے پاس شکریے کے لائق الفاظ نہیں ہیں تاہم انھوں نے شکریہ ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption فلم پنک کو سماجی موضوع کو اجاگر کرنے والی فلم کے طور پر سراہا گيا

عامر خان کو بہترین اداکار کا ایوارڈ تو نہ مل سکا لکین کشمیر کی زائرہ وسیم کو فلم 'دنگل' کے لیے بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

انھوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جیوری، اپنے اہل خانہ، عامر خان اور نتیش کا شکریہ ادا کیا ہے۔

کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے ٹوئٹر پر زائرہ وسیم کو مبارکباد دی ہے۔

ایک بیان میں زائرہ نے کہا: 'اپنی پہلی ہی فلم کے لیے اس بڑے اعزاز کا ملنا حوصلہ افزا ہے اور یہ میرے لیے مزید سخت محنت کرنے کی تحریک ہے۔'

تصویر کے کاپی رائٹ FACEBOOK/ZAIRAWASEEM
Image caption زائرہ وسیم کو ان کی کامیابی پر چہار جانب سے مبارکباد پیش کی جا رہی ہے

سماجی موضوع پر مبنی بہترین فلم کا ایوارڈ امیتابھ بچن کی اداکاری والی فلم 'پنک' کو دیا گیا جبکہ بچوں کی بہترین فلم کا ایوارڈ ہندی فلم 'دھنک' کو دیا گيا۔

جیوری نے بطور خاص ہندی فلم 'کڑوی ہوا'، مکتی بھون اور آسامی فلم 'مجیرتھی کیکی' کا تذکرہ کیا جبکہ فلم 'نیرجا' میں نیرجا کے کردار کے لیے اداکارہ سونم کپور کا بھی بطور خاص ذکر کیا گیا۔

ان ایوارڈز کا اعلان جمعے کو کیا گیا۔ 64 ویں نیشنل فلم ایوارڈ کے لیے 300 سے زیادہ فلموں پر غور کیا گیا اور اس کے لیے مارچ کے وسط سے ٹیم نے کام کرنا شروع کیا تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں