انڈین فلم انڈسٹری سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا: صبا قمر

صبا تصویر کے کاپی رائٹ Saba Qamar / Facebook
Image caption صبا قمر فلم ’ہندی میڈیم‘ میں اپنے ساتھی اداکار عرفان خان کے ساتھ

حال ہی میں بالی ووڈ فلم 'ہندی میڈیم' میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے دونوں ملکوں کے تعلقات پر کہا کہ 'دنیا چاند پر پہنچ گئی ہے، ہم کن جھگڑوں میں پڑے ہیں۔ نکل آئیں ان چیزوں سے باہر۔'

بی بی سی کی نصرت جہاں سے بات چیت کرتے ہوئے صبا قمر نے کہا کہ ان کا فلم 'ہندی میڈیم' میں کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا اور کئی لوگوں نے فون کر کے ان کے کام کو سراہا اور مبارکباد دی۔

’سلمان اور ہریتک کے بارے میں جو کہا، مذاق تھا‘

اس سوال کے جواب میں کہ وہ فلم کی پرومشن کے لیے انڈیا جائیں گی، صبا قمر نے کہا کہ اس وقت دونوں ممالک کے ایسے حالات نہیں ہیں کہ وہ جا سکیں لیکن 'جب حالات اچھے ہوں گے تو ضرور جاؤں گی کیونکہ جہاں پیار ہوتا ہے وہاں لڑائیاں ہوتی رہتی ہیں اور سب ٹھیک ہو جائے گا۔'

مستقبل میں بالی ووڈ میں کام کے حوالے سے صبا قمر نے کہا کہ حالات کی بنا پر اس وقت مزید کام کرنا ممکن نہیں ہوگا لیکن انھوں نے امید کی کہ حالات میں بہتری آجائے۔

'فن اور فنکار کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور نہ ہی ان پر یہ چیزیں مسلط کرنی چاہیں۔ میں ایک پیار کرنے والی انسان ہوں اور میں چاہتی ہوں کہ ہم سب پیار سے رہیں، اچھے سے رہیں اور اچھا کام کریں اور آگے بڑھیں۔'

فلم میں اپنے ساتھی اداکار عرفان خان کے بارے میں صبا قمر نے کہا کہ ان کا 'تجربہ بہت اچھا رہا اور عرفان خان انتہائی عاجز اور ملنسار شخصیت ہیں جن کو دیکھ کر لگتا ہی نہیں ہے کہ وہ بالی ووڈ کے سپر سٹار ہیں۔' انھوں نے مزید بتایا کہ فلم کے سیٹ پر بھی ان کا بہت خیال کیا گیا اور انڈیا کی فلم انڈسٹری سے ان کو بہت کچھ سیکھنے کو بھی ملا۔

'جس طریقے سے وہ لوگوں کو 'گروم' کرتے ہیں وہ بہت ہی زبردست ہے۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں