فیئرنیس کریم کے اشتہار کے حوالے سے شاہ رخ اور دیپیکا پر تنقید

تصویر کے کاپی رائٹ FACEBOOK

انڈیا میں جلد کو گورا کرنے کا دعوی کرنے والی كريموں کا اشتہار کرنے والے بالی وڈ کے اداکاروں پر سخت نکتہ چینی کرنے کی وجہ سے اداکار ابھے دیول سوشل میڈیا پر چھائے ہوئے ہیں۔

ٹویٹر پر بہت سے لوگ ابھے دیول کو بالی وڈ کا ہمّت والا اداکار قرار دیتے ہیں۔

آنشو چھبّر نامی ایک ٹوئٹر ہینڈلر نے لکھا ہے: 'ابھے دیول نے اپنی فیس بک پوسٹ سے ایک درست بحث شروع کی ہے۔ آخر بالی وڈ کے بڑے سٹارز کیوں فیئرنیس کریم کی تشہیر کر رہے ہیں؟'

تصویر کے کاپی رائٹ FACEBOOK
Image caption اداکارہ سونم کپور بھی ایک کریم کا اشتہار کرتی ہیں جس میں جلد کو گورا بنانے کا دعوی کیا جاتا ہے

خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم کار کن کویتا کرشنن نے لکھا ہے: 'نسل پرستی اور جنسی تفریق کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے ابھے آپ کا شکریہ۔'

سوشل میڈیا پر بیشتر لوگوں نے ابھے کی تعریف کی ہے۔ اگرچہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ابھے دیول کو فلم انڈسری میں کام نہیں مل رہا ہے اس لیے ایسا کہہ رہے ہیں۔

ابھے دیول نے جلد کو گورا کرنے کا دعوی کرنے والی کریموں کا اشتہار کرنے والے بالی وڈ کے بڑے اداکاروں پر سخت نکتہ چینی کی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ FACEBOOK
Image caption شاہ رخ خان گورا کرنے والی کریم کے ایک اشتہار میں

فیس بک پر کی جانے والی اپنی کئی پوسٹ میں ابھے دیول نے شاہ رخ خان، دیپکا پادوکون، جان ابراہم، سونم کپور اور شاہد کپور پر شدید نکتہ چینی کی ہے۔

انھوں نے ایسے اشتہارات کو نسل پرستانہ قرار دیتے ہوئے بالی وڈ کے معروف اداکاروں کو نشانہ بنایا۔

ابھے دیول نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا ہے: 'ملک میں كمپنياں کھلے عام اور چالاکی سے اس خیال کو فروخت کر رہی ہیں کہ گورا سیاہ فام سے اچھا ہوتا ہے۔ اس کھیل میں آپ کو کوئی یہ بتانے والا نہیں ہے کہ یہ اشتعال انگیز، فرضی اور نسل پرستانہ ہے۔'

انھوں نے لکھا: 'اسے آپ کو خود ہی دیکھنا ہوگا۔ آپ کو اس خیال کو خریدنا بند کرنا پڑے گا جس میں بتایا جاتا ہے کہ کوئی ایک خاص رنگ دیگر رنگوں سے زیادہ اچھا ہے۔ بدقسمتی سے جب آپ شادی کے اشتہارات کو دیکھیں گے تو وہاں بھی یہ رجحان صاف نظر آتا ہے۔ یہاں تک کہ ہم کسی کی جلد کے رنگ کو بتانے کے لیے 'ڈسک' لفظ کا استعمال کرتے ہیں۔ ایک شخص اس رجحان کو کمیونٹی میں تبدیل نہیں کر سکتا لیکن کم از کم خاندان میں تبدیل کرنے کی کوشش تو کر سکتا ہے۔'

تصویر کے کاپی رائٹ FACEBOOK
Image caption دیپیکا پادوکون بھی گورا کرنے کا دعوی کرنے والی ایک کریم کا اشتہار کرتی ہیں

ابھے نے شاہ رخ خان پر نکتہ چینی کرتے ہوئے لکھا: 'اور کنگ خان خود ہی آپ سے پوچھ رہے ہیں، مرد ہو کے لڑکیوں والی فیئرنیس کریم کیوں؟ اس میں آپ کو وہ ایک مرد بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گورا بننا تو سائڈ افیكٹ ہے۔'

ابھے نے دیپکا پادوکون کی طرف سے کیے جانے والی ایک فیئرنیس کریم کے اشتہار کے حوالے سے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے: 'ٹو ان ون فیئرنیس کریم۔ اگر آپ دیپکا پادوکون کو توجہ سے دیکھیں گے تو ان کی آنکھیں، حقیقی آنکھوں سے زیادہ روشن نظر آرہی ہیں۔'

تصویر کے کاپی رائٹ FACEBOOK
Image caption ابھے نے اداکارہ نندتا داس کی اس بات کے لیے تعریف کی ہے کہ وہ سیاہ فام ہونے کو بھی خوبصورتی سے تعبیر کرتی ہیں

دوسری جانب ابھے دیول نے اداکارہ نندتا داس کی اس بات کے لیے تعریف کی ہے کہ وہ سیاہ فام ہونے کو بھی خوبصورتی سے تعبیر کرتی ہیں۔

انھوں نے ان کی تعریف میں لکھا ہے: 'ایک نادان نندتا داس ہیں جو لوگوں کو سکھا رہی ہیں کہ سیاہ ہونا بھی خوبصورت ہونا ہے۔ کیا وہ نہیں جانتی ہیں کہ ہم لوگ اس بات کو پہلے ہی سے جانتے ہیں؟ کیا ہم نے جنوبی انڈيا کے لوگوں کو قبول نہیں کیا ہے؟ یہ کیا ہے؟ وہ اڑیسہ سے ہیں؟ کیا ہم اسے جنوبی ریاستوں میں شامل کر سکتے ہیں۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں