اسلام آباد میں اے آر وائی زندگی کے پروگرام میں سٹیج گرنے سے متعدد افراد زخمی

اے آر وائی تصویر کے کاپی رائٹ ARY ZINDAGI FACEBOOK

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک مقامی ٹی وی چینل کے تفریحی پروگرام کی ریکارڈنگ کے دوران سٹیج گرنے سے کم از کم 70 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق جمعے کی رات ٹی وی چینل اے آر وائی زندگی کے پروگرام ’عیدی سب کے لیے‘ کی ریکارڈنگ اسلام آباد میں واقع ایک نجی رہائشی سوسائٹی بحریہ انکلیو میں کی جا رہی تھی۔

اطلاعات کے مطابق اس وقت وہاں سو سے زائد افراد موجود تھے۔

بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد میں سے زیادہ تر کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔

پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس واقعے میں بچ جانے والے افراد میں سے بعض نے تو پہلے ٹی وی چینل کی انتظامیہ میں شامل افراد کو مارا پیٹا جبکہ بعض وہاں پر رکھے ہوئے تحائف اٹھا کر فرار ہو گئے۔

اس حوالے سے آے آر وائی کا موقف جاننے اور مزید معلومات حاصل کرنے کی بارہا کوشش کی گئی تاہم وہاں سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں