دپیکا اتنی ناراض کیوں ہیں؟

سوناکشی سنہا تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption سوناکشی سنہا بالی وڈ کے اداکار اور بی جے پی کے رہنما شتروگھن سنہا کی بیٹی ہیں

کچھ عرصے قبل انڈیا کی اداکارہ کنگنا رناوت نے کرن جوہر کے پروگرام 'کافی ود کرن' میں کرن پر سیدھے سیدھے اقربا پروری کا الزام لگا کر انڈسٹری میں ایک نئی بحث چھیڑ دی تھی۔ کچھ لوگوں نے کنگنا کی حمایت کی تو کچھ نے کرن کی سائیڈ لیتے ہوئے انھیں آڑے ہاتھوں لیا۔

بہرحال اب اداکار ارجن کپور اور سوناکشی سنہا نے اس بحث کو دوبارہ چھیڑنے کی کوشش کی ہے۔ ارجن کپور اس ماہ ریلیز ہونے والی اپنی فلم 'ہاف گرل فرینڈ' کا پروموشن کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اقربا پروری صرف بالی وڈ میں ہی نہیں ہر شعبے میں نظر آئے گی۔

سلمان خان لا رہے ہیں ٹیوب لائٹ

انھوں نے اس بات سے قطعی انکار نہیں کیا کہ بالی وڈ میں اقربا پروری ہے۔ ارجن کپور انیل کپور کے بھتیجے اور فلمساز بونی کپور کے صاحبزادے ہیں۔ وہ شاید اچھی طرح جانتے ہیں کہ اگر یہ نام ان کے نام سے وابستہ نہ ہوتے تو فلموں میں پہلا چانس ان کے لیے نا ممکن نہ سہی تو انتہائی مشکل ضرور ہوتا۔

حیرانی تو سوناکشی سنہا کے بیان پر ہے جو معروف اداکار شتروگھن سنہا کی صاحبزادی ہیں اور جن کو پہلا بریک ان کے پاپا کے قریبی کہے جانے والے اداکار سلمان خان کی فلم 'دبنگ' سے مِلا۔ ان کا کہنا ہے کہ اقربا پروری کیا ہوتی ہے وہ نہیں جانتیں۔

کوئی ان سے پوچھے کہ کیا وہ یہ جانتی ہیں کہ اگر وہ شتروگھن سنہا کی بیٹی نہ ہوتیں تو کیا ہوتیں؟

دیپکا کی ناراضگی!

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption دیپکا کی ہالی وڈ فلم ٹرپل ایکس نے شاید بہت کامیابی حاصل نہ کی ہو لیکن بالی وڈ کی وہ کامیاب ترین اداکاراؤں میں شامل ہیں

اداکارہ دپیکا پادوکون امریکی میڈیا سے بہت ناراض ہیں۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں ایئر پورٹ سے نکلتے وقت پاپا رازی دپیکا کو پرینکا کہہ کر پکار رہے ہیں۔

دپیکا کہتی ہیں کہ ان کا رویہ نسل پرستانہ ہے۔ یہ بڑی جہالت ہے کہ وہ سوچتے ہیں کہ چونکہ ہماری رنگت ایک جیسی ہے تو ہم ایک ہی انسان ہیں۔ ایک انٹرویو میں دپیکا نے اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے انڈین میڈیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔

انھوں نے کہا کہ غیر ملکی میڈیا کی اس غلطی پر خبریں بنانے کے بجائے ان میں بیداری پیدا کرنی چاہیے۔ دپیکا نیویارک میں منعقد ایک تقریب سے واپس آئی ہیں اور جلد ہی فرانس میں ہونے والے کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کی تیاری کر رہی ہیں۔

دپیکا جی آپ کی ناراضگی بجا ہے لیکن بات صرف اتنی ہے کہ امریکہ میں پرینکا کافی مقبول ہیں شاید اسی لیے بیچارے پاپا رازی دھوکہ کھا گئے۔ آپ ہی انھیں بتا دیتیں کہ بھائیو میں دپیکا ہوں وہی دپیکا جو وِن ڈیزل کے ساتھ فلم 'ٹرپل ایکس' میں دکھائی دی تھی۔

انڈین میڈیا پر پہلے ہی ملک کے سیاسی حالات پر تبصروں کا بوجھ ہے آپ ان کی ذمہ داریاں کیوں بڑھا رہی ہیں؟

کنگنا کی کامیڈی!

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption کنگنا رناوت نے کئی فلموں میں اپنی اداکاری کا جوہر دکھایا ہے اور ناظرین سے تحسین حاصل کی ہے

کنگنا رناوت نے اسی ہفتے فلم 'منی کارنیکا: دی کوئن آف جھانسی' کا پوسٹر لانچ کیا اور ساتھ ہی ایک اعلان بھی کر دیا کہ اب وہ فلمیں بنائیں گی اور تو اور وہ ایک کامیڈی فلم بنانا چاہتی ہیں۔

خیال تو اچھا ہے لیکن آن سکرین اور آف سکرین 'انتہائی انٹینس' کردار نبھانے والی کنگنا کامیڈی فلمیں بنائیں گی بات لوگوں سے شاید ہی ہضم ہو۔

بہرحال کنگنا کی اداکاری کی صلاحیتوں سے انکار نہیں انھوں نے مختلف کرداروں میں اپنی اداکاری کا لوہا منوایا ہے اور امید ہے کہ کامیڈی میں بھی وہ اپنی صلاحیتوں کے جھنڈے گاڑیں گی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں