فلم باہو بلی کی کامیابی اور سوشل میڈیا پر ہندو مسلم کی بحث

باہوبلی2 کی تصویر تصویر کے کاپی رائٹ unknown
Image caption انڈیا میں سماجی رابطے کی سائٹوں اور واٹس ایپ پر فلم باہوبلی2 کی ایک فوٹوشاپ تصویر بابوعلی2 کے نام سے گردش کر رہی ہے اور گرما گرم بحث جاری ہے

انڈیا کی مختلف زبانوں میں ریلیز ہونے والی فلم 'باہوبلی -2' اب تک کمائی کے لحاظ سے کئی ریکارڈز قائم کر چکی ہے۔

یہ دنیا بھر میں ایک ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کما چکی ہے اور ناظرین اس کی تعریف کے پل باندھ رہے ہیں۔ کوئی اسے ہالی وڈ کو ٹکر دینے والی فلم کہہ رہا ہے تو کوئی اس کا مقابلہ معروف فلم 'گلیڈیئٹر' سے کر رہا ہے۔

٭ 'باہو بلی 2 انڈیا کی کامیاب ترین فلم ہو سکتی ہے'

اس کے علاوہ 'باہوبلی-2' کی تعریف میں خاص مذہبی رجحان بھی شامل ہے اور ایک طبقے کا کہنا ہے کہ یہ ہندوؤں کی فلم ہے۔

باہوبلی: ہندوؤں کی فلم؟

باہوبلی-2 فلم کے ڈائریکٹر، اداکار اور زیادہ تر سٹار کاسٹ ہندو ہیں۔ فلم کے کردار ہندو دیوی دیوتاؤں کی پوجا کرتے بھی نظر آتے ہیں۔

ایسے میں کچھ لوگوں نے فلم کی کامیابی اور مذہب کے درمیان رشتہ تلاش کرنے کی کوشش کی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BAHUBALI/FB PAGE
Image caption باہوبلی میں ہندو رسم و رواج کو پیش کیا گيا ہے

بہر حال سوشل میڈیا میں اس کے متعلق گرما گرم بحث جاری ہے اور ایسے میں بالی وڈ کے معروف اداکاروں عامر خان، سلمان خان، شاہ رخ اور سیف علی خان کے ساتھ دوسرے مسلم اداکاروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جب فلم 'باہوبلی' کا پہلا حصہ آیا تھا اس وقت بھی اس نے اچھی کمائی کی تھی اور سوشل میڈیا پر اسے ہندو فلم کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی گئی تھی اور عامر خان کی فلم 'پی کے' کی تنقید کی گئی تھی جس میں بظاہر ہندو مذہب کو نشانہ بنایا گیا تھا اور اس میں ایک پاکستانی کردار کو بھی پیش کیا گیا تھا۔

'باہوبلی' کو ہندوؤں کی فلم کہنے والے بہت سے لوگوں کا الزام ہے کہ بالی وڈ میں خان اداکار ہندو دیوی دیوتاؤں کی توہین کرتے ہیں۔

وہ یہ بھی دعویٰ کرتے ہیں کہ 'باہوبلی' نے ہندوؤں کے وقار کو بلند کرتے ہوئے ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption سوشل میڈیا پر عامر، سلمان اور شاہ رخ خان پر طنز کیا جا رہا ہے

بالی وڈ کو ایک زمانے سے منقسم کرنے اور اسے ہندو اور مسلمان اداکاروں کی عینک سے دیکھنے اور پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ایسے لوگوں کو شاید یہ علم نہیں کہ انڈیا کے معروف ترین ٹی وی سیريل 'مہا بھارت' کی سکرپٹ اور اس کے مکالمے ایک مسلمان راہی معصوم رضا نے لکھے تھے۔

انھیں شاید 1997 میں ٹی وی پر آنے والا سیریل 'ہنومان' بھی یاد نہیں جسے ایک مسلمان سنجے خان نے پیش کیا تھا۔

بالی وڈ کے کئی مشہور بھجن لکھنے والے بھی مسلمان تھے اور ان کو گانے والوں میں محمد رفیع جیسے گلوکار اور ادا کرنے میں دلیپ کمار جیسے اداکار شامل تھے۔ محمد رفیع کے گائے گیت 'من تڑپت ہری درشن کو آج' اس کی ایک مثال ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

ٹوئٹر ہینڈل CHAVANDNYANES19@ نے لکھا: 'پیسہ کمانے کے لیے ہندو مخالف فلم بنانا ضروری نہیں۔ باہو بلی نے بالی وڈ کو یہ کر کے دکھایا ہے۔'

انکت تامولي نے لکھا: 'ہندو کی توہین کر کے اگر 100 کروڑ روپے کما لو گے تو ہندوتوا کا احترام کرتے ہوئے آپ ایک دن میں اتنا کما سکتے ہو۔'

انجنا سنگھ لکھتی ہیں: 'باہو بلی ہندو فلم ہے۔ فلموں کو بھی مذہبی بنیاد پر تقسیم کر دیا۔'

ٹوئٹر پر ہندو ہندوتوا رام ہینڈل نے 'باہوبلی -2' کی ریلیز سے پہلے ٹویٹ کیا تھا: 'صرف ہندو ہیرو کی فلمیں دیکھیں۔ ہندو ہیرو کا احترام کریں۔'

ایش نے ٹویٹ کیا: 'خان ایکٹرز کی فلموں کے فین باہو بلی -2 سے کیوں جل رہے ہیں؟ مجھے اس بات کا فخر ہے کہ ایک بھارتی فلم پوری دنیا میں اتنا اچھا پرفارم کر رہی ہے، جو آج تک کوئی نہیں کر پایا۔'

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

انکت لکھتے ہیں: 'باہوبلی فلم کے شو کے دوران جتنے کی پاپ کارن فروخت ہوئی، اتنی شاہ رخ خان کی ریلیز ہوئی آخری فلم کی کل کمائی تھی۔'

ماہی نے ٹویٹ کیا: 'ڈیر خان بھائیوں، ہمیں تمہاری 'رئیس'، 'رنگون' اور 'پی کے' نہیں چاہیے. ہمیں باہو بلی جیسی فلمیں چاہیے۔ باہو بلی -2 کا اثر آپ دیکھ ہی سکتے ہیں۔'

مینک نے لکھا: 'بھگوان کا مذاق اڑا کر جتنا پیسہ خان کماتے ہیں، اتنا باہو بلي -2 نے کما لیا ہے۔'

سومو ٹویٹ کرتے ہیں کہ ’ سلمان، عامر اور شاہ رخ تینوں کی فلم مل کر بھی زندگی میں کبھی باہو بلی کا فرسٹ ڈے کا ریکارڈ نہیں توڑ سکتی۔‘

جبکہ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ مذہب نہیں، فلم دیکھیے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

عادل نے ٹویٹ کیا: 'یہ بہت سنگین بات ہے کہ آپ باہو بلی پر تنقید تک نہیں کر سکتے۔ کیونکہ ہندو مذہب خطرے میں ہے۔'

salmanrules@ لکھتے ہیں: 'باہوبلی ابھی پیدا ہونے والا بچہ ہے، جس میں ایک سپر سٹار ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ مقابلے غلط ہیں۔ باہوبلی کو سلمان خان سے برابری کے لیے بہت سے جنم لینے ہوں گے۔'

نفیس اختر نے لکھا: 'مسلمان یہ جاننے میں مصروف ہیں کہ باہوبلی کو كٹپپا نے کیوں مارا؟ ہاں ٹائم ملا پھر دیکھیں گے کہ پہلو خان کو کس نے مارا؟'

دیبی پرساد شرما نے لکھا: 'باہوبلی چاہے جو بھی حاصل کرلے لیکن عامر خان کو ہمیشہ ریکارڈ بنانے کے لیے یاد کیا جائے گا۔ چین میں دنگل کی کمائی بھول گئے کیا؟'

'باہو بلی-2' کی ایک تصویر فوٹو شاپ کے بعد 'بابو علی-2' کے نام سے سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہے۔

اسی بارے میں