بلوچستان کے شہر گوادر کے دو علاقوں میں فائرنگ، 10 مزدور ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر گوادر میں حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے تعمیراتی کام کرنے والے مزدوروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کم از کم 10 مزدور ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔

کمشنر مکران ڈویژن بشیر بنگلزئیکے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ گوادر کے علاقے پشکان اور گنت میں پیش آیا۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے پاکستان کے اہم ترین صوبے بلوچستان کے شہرگوادر میں فائرنگ کا واقعے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہلاک ہونے والے مزدوروں کی شناخت کا سلسہ جاری ہے۔

لیویز حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے 10 مزدوروں کا تعلق سندھ کے علاقے نوشہرو فیروز سے ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ مزدور ایک سڑک کی تعمیر میں مصروف تھے جب مسلح افراد نے انھیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

ہلاک ہونے والے مزدوروں کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال گوادر منتقل کیا گیا ہے۔

لیویز حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

گوادر میں یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب وزیراعظم پاکستان نواز شریف چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے ہمراہ چین کے دورے پر ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز بھی بلوچستان کے شہر مستونگ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری کے قافلے کے قریب دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما سمیت 42 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

پاکستان اور چین کے درمیان جاری چائنا پاکستان اقتصادی راہدری میں گوادر کا انتہاہی اہم کردار ہے کیوں کہ چین سے آنے والا تمام سامان گوادر کی بندرگاہ کے ذریعے ہی وسطی ایشیائی ممالک اور یورپ تک پہنچایا جائے گا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں