بالی وڈ کی خوش مزاج ماں ریما لاگو نہیں رہیں

ریما لاگو تصویر کے کاپی رائٹ HUM SATH SATH HAIN MOVIE
Image caption ریما لاگو مراٹھی اور ہندی فلموں کا معروف چہرہ تھیں

بالی ووڈ کی فلموں میں ہنستی مسکراتی خوش مزاج ماں کے کرداروں سے شہرت پانے والی اداکارہ ریما لاگو کا انتقال ہو گیا ہے۔ وہ 59 برس کی تھیں۔

انھیں سینے میں درد کی شکایت کے بعد ممبئی کے نائیٹ انگیل بین دھیرو بھائی امبانی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں رات کے ایک بجے ان کی موت واقع ہو گئی۔

ان کے داماد ونے وائیکل نے ممبئی کی مقامی صحافی سپریا سوگلے کو اس کی معلومات دی۔

ریما لاگو مراٹھی اور ہندی فلموں کا معروف چہرہ تھیں۔ ٹیلی ویژن کی دنیا میں بھی وہ خاصی مقبول تھیں جہاں انھوں نے کئی سیریئلوں میں کام کیا۔

مراٹهی تھیئٹر میں وہ کئی عشروں تک فعال رہیں اور بالی وڈ کی مشفق ماں اور دور جدید کی گلیمرس مدر کے طور پر شہرت حاصل کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ COLORS PR
Image caption فلم 'ہم ساتھ ساتھ ہیں' میں انھوں نے اپنی اداکاری سے لوگوں کا دل جیت لیا

انھوں نے 'میں نے پیار کیا،' 'عاشقی،' 'ساجن،' 'ہم آپ کے ہیں کون،' 'واستو' اور 'ہم ساتھ ساتھ ہیں' جیسی یادگار فلموں میں اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔

فلم 'واستو' میں انھوں نے 'مدر انڈیا' کی نرگس کی یادیں تازہ کرا دی تھیں۔

ميوزیکل رومانٹک فلم 'میں نے پیار کیا' کے لیے انھیں 1990 میں بہترین معاون اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

1991 میں ریلیز ہونے والی ایک اور میوزیکل سپر ہٹ فلم آئی 'عاشقی' کے لیے بھی ریما لاگو کو 1991 میں سب سے بہتر سپورٹنگ اداکاراہ کا کا فلم فیئر ایوارڈ ملا تھا۔

اس کے علاوہ فلم 'ہم آپ کے ہیں کون' اور 'واستو' کے لیے بھی انھیں اس اعزاز سے نوازا گیا۔

ان کے فلمی سفر کا آغاز شیام بینیگل کی فلم 'کل یوگ' سے شروع ہوا تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں