انڈین گلوکار ابھیجیت کا نیا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی معطل

تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER / SINGERABHIJEET

انڈین گلوکار ابھیجیت کی جانب سے قابلِ اعتراض ٹویٹس کیے جانے کے بعد ان کا نیا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

ابھیجیت اپنی وطن پرستی اور سخت نظریات کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔

ان کی قابل اعتراض ٹویٹس کے باعث ان کا پہلا اکاؤنٹ بھی معطل کیا گیا تھا۔

پیر کو سنگر ابھیجیت بھٹاچاریہ نے ایک نئے اکاؤنٹ (singerabhijeet) کے ساتھ ٹویٹر پر واپسی کی تھی۔

نئے اکاؤنٹ کی صداقت کے لیے انہوں نے 'بھارت ماتا کی جے' کے نعرے کے ساتھ ایک ویڈیو بھی ٹوئٹر پر پوسٹ کی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER

اس ویڈیو میں ابھیجیت کہتے نظر آ رہے تھے کہ ان کی آواز دبانے کی کوشش ہو رہی ہے لیکن وہ ملک اور بھارتی فوج کے خلاف نعرے لگانے والوں کو لے کر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

انھوں نے کہا، ’جب تک میرا تصدیق شدہ اکاؤنٹ دوبارہ فعال نہیں ہوتا، تب تک آپ مجھے اس اکاؤنٹ پر فالو کریں۔ آئی ایم بیک۔‘

ٹوئٹر نے طالب علم رہنما شہلا راشد کے خلاف قابل اعتراض ٹویٹ کرنے کی وجہ سے ابھیجیت کا ٹوئٹر ہینڈل معطل کیا تھا۔

اس معاملے پر اداکار انوپم کھیر نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’ایک بار پھر سنگر ابھیجیت کا اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا ہے۔ ٹوئٹر انڈیا کو کیا مسئلہ ہے۔ کیوں ٹوئٹر تمام قوم پرستوں کے اکاونٹ بند کر رہا ہے؟‘

گلوکار ابھیجیت پاکستانی فن کاروں کے انڈیا میں جا کر کام کرنے کے بڑے مخالفین میں شامل ہیں۔ ماضی میں ایک متنازع بیان میں انھوں نے پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کو سرے سے گلوکار تسلیم کرنے سے ہی انکار کر دیا تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں