ٹائیگر شیروف کو نواز الدين سے ڈر کیوں لگتا ہے؟

نواز الدين صدیقی تصویر کے کاپی رائٹ RAINDROP MEDIA

بالی وڈ کے اداکار نواز الدين صدیقی جیسے فنکار اگر رقص کرنا سیکھ لیں تو کیا ہو سکتا ہے؟ یہ سوال فلم 'ہیرو پنتی' سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے ٹائیگر شیروف کو ان دنوں ستا رہا ہے۔

ٹائیگر شیروف کی فلموں میں رقص اور ایکشن کی وجہ سے کافی تعریف کی جاتی ہے لیکن انھیں ڈر ہے کہ نوازالدين کے رقص سیکھنے سے ان جیسے فنکاروں کی مانگ کم ہو سکتی ہے۔

٭ میں سو فیصد صرف ایک فنکار ہوں: نواز الدین صدیقی

فلم 'منا مائیکل' میں ٹائیگر اور نواز الدين ایک ساتھ بڑے پردے پر نظر آئیں گے۔

اس فلم میں نواز الدين صدیقی ٹائیگر شیروف سے رقص کا ہنر سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ممبئی میں 'منا مائیکل' فلم کے ٹریلر لانچ پر ٹائیگر نے کہا کہ'نوازالدين صدیقی بہترین اداکار ہیں اور اگر وہ رقص میں بھی ماہر ہو گئے تو ہمیں کوئی نہیں دیکھے گا اور ہم جیسے فنکاروں پر وہ بھاری پڑ جائیں گے۔'

تصویر کے کاپی رائٹ RAINDROP MEDIA

ٹائیگر فلم کی شوٹنگ کے آغاز میں نوازالدين صدیقی کی لاجواب اداکاری سے پریشان ہوئے تھے لیکن آخر میں انھوں نے ان سے اداکاری کے گر سیکھے۔

اپنی ہر فلم کے کردار سے ناظرین کو متاثر کرنے والے نوازالدين صدیقی نے کہا کہ انھوں نے تقریباً پانچ فیصد رقص ٹائیگر سے سیکھ لیا ہے۔

نواز الدين صدیقی کا کہنا تھا کہ 'مجھے رقص سے ہچکچاہٹ ہوتی تھی، پر اب مجھے مزا آنے لگا ہے۔ شیر کے منہ کو اب خون لگ گیا ہے۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں