ہم جھاڑیوں کے پیچھے کپڑے بدلا کرتے تھے: سری دیوی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption سری دیوی کی فلم 'مام' ریلیز ہونے والی ہے جس میں وہ ایک مضبوط ماں کے کردار میں نظر آئیں گی

بالی وڈ کی معروف اداکارہ سری دیوی نے اپنے فلمی کریئر میں برسات میں فلمائے گئے نغموں سے کئی بار دھوم مچائی اور شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں۔

اس حوالے سے فلم 'چاندنی' کا گيت 'لگی آج ساون کی پھر وہ جھڑی ہے‘، فلم 'چال باز' میں 'نہ جانے کہاں سے آئی ہے' اور 'مسٹر انڈیا' میں 'کاٹے نہیں کٹتے' جیسے گانے بہت مقبول اور ہٹ رہے ہیں۔

’خانہ پری کے لیے دیا گیا کام منظور نہیں‘

لیکن سری دیوی کا کہنا ہے کہ بارش میں نغموں کا فلمایا جانا ان کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں ہوتا تھا۔

بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں سری دیوی نے برسات کے موسم میں فلمائے گئے اپنے نغموں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: 'برسات کے گانے ٹارچر ہیں۔ میں تو ان کا قطعی لطف نہیں لے سکتی کیوںکہ زیادہ تر ان نغموں کو فلماتے وقت میں بیمار ہو جاتی تھی۔'

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption سری دیوی اپنی بیٹی جھانوی اور خوشی کے ساتھ

کئی عشروں سے فلموں میں کام کرنے والی سری دیوی کو اب جدید دور کی تبدیل شدہ فلم انڈسٹری اچھی لگتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آج کے دور کی اداکاراؤں کو بہت ساری سہولیات دستیاب ہیں جو پہلے میسر نہیں تھیں۔ ان میں سب سے اہم 'وینٹی وین' ہے جو ایک طرح کی نعمت ہے۔

سری دیوی کہتی ہیں: 'آج کی اداکاراؤں کے لیے وینٹی وین ایک طرح سے انعام ہے۔ ہمارے وقت میں ایسی کوئی سہولت نہیں ہوا کرتی تھی۔ ہم تو درختوں اور جھاڑیوں کے پیچھے یا بس کے پیچھے کپڑے تبدیل کیا کرتے تھے۔'

سری دیوی نے بتایا کی ٹوائلٹ کی کمی کی وجہ سے وہ شوٹنگ کے دوران سارا دن پانی بھی نہیں پیا کرتی تھیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption فلم ماں میں سری دیوی کے ساتھ نواز الدین اور اکشے کھنہ نے کام کیا ہے

ان کے مطابق اس زمانے میں اگر کسی سین کے 10 ری ٹیک ہو جائیں تو فلمساز مہنگی ریل ختم ہونے کے دباؤ میں آ جاتا تھا لیکن آج وہ مشکلات نہیں ہیں۔

سری دیوی کی بڑی بیٹی جھانوی کے بارے میں قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں کہ وہ جلد ہی فلموں میں قدم رکھنے والی ہیں۔

لیکن سری دیوی کو لگتا ہے کہ جھانوی کے مستقبل کے حوالے سے باتیں کرنا ابھی جلد بازی ہوگی۔

ایسی بھی خبریں آئی تھیں کہ جھانوی رنبیر کپور کو بہت پسند کرتی ہیں، لیکن سری دیوی کا کہنا تھا: 'یہ سب خبریں بہت پریشان کرتی ہیں اور یہ باتیں اہمیت دینے کے قابل نہیں ہیں۔'

سری دیوی فلم 'انگلش ونگلش' کے پانچ سال کے بعد فلم 'مام' میں ایک مضبوط ماں کے کردار میں نظر آئیں گی۔

اس فلم میں اکشے کھنہ اور نواز الدین صدیقی کے علاوہ پاکستانی اداکار عدنان صدیقی اور سجل علی بھی کام کر رہے ہیں۔

یہ فلم سات جولائی کو ریلیز ہو رہی ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں