'مدھوبالا اب بھی لاکھوں دلوں میں بستی ہیں'

مدھوبالا تصویر کے کاپی رائٹ MADHUR BHUSHAN
Image caption مدھوبالا کا اصلی نام ممتاز تھا، اور وہ 14 فروری کو دہلی میں پیدا ہوئی تھیں

انڈیا کی اپنے زمانے کی معروف اداکارہ مدھوبالا رواں سال کے آخر میں مادام تساد کی زینت بننے والی ہیں۔

انڈیا میں مادام تساد کے مجسموں کو لانے والی کمپنی مارلن انٹرٹینمنٹ پرائیوٹ لیمٹڈ کے جنرل منیجر انشل جین نے بتایا کہ کلاسیکی فلم 'مغل اعظم' کے ان کے ایک روپ کو موم کے مجسمے کا روپ دیا جائے گا۔

٭ 'پردہ مدھوبالا کا آدھا حسن ہی دکھا پاتا تھا'

٭ ممبئی کی وہ گلیاں جہاں بالی وڈ بستا ہے

مدھوبالا ان فن کاروں میں ہیں جو آج تک لاکھوں دلوں پر راج کرتی ہیں۔ دلیپ کمار کے ساتھ انھوں نے 'ترانہ'، 'سنگ دل'، 'امر' اور 'مغل اعظم' جیسی فلمیں کی ہیں۔ اس کے علاوہ انھیں 'چلتی کا نام گاڑی'، 'مسٹر اینڈ مسز '55، 'کالا پانی' وغیر میں یادگار کردار کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔

انشل جین نے خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو بتایا: 'ہمیں خوشی ہے کہ مدھوبالا کا مجسمہ مادام تساد دہلی کی زینت بنے گا۔ وہ اب تک ملک میں کروڑوں دلوں پر راج کرتی ہیں۔'

تصویر کے کاپی رائٹ MADHUR BHUSHAN
Image caption بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ مدھوبالا کا حسن پوری طرح سے پردے پر ظاہر نہیں ہوتا تھا

انھوں نے کہا: 'ہمیں یقین ہے کہ ان کی سحر انگیز شخصیت لاکھوں فینز کو اپنی جانب متوجہ کرے گي اور وہ ان کے ساتھ سیلفی لینا پسند کریں گے اور خود کو سینیما کے سنہرے دور میں محسوس کریں گے۔'

مادام تساد دہلی میں کام کرنے والی شردھا پانڈے نے بی بی سی کو بتایا کہ 'جب دہلی میں مادام تساد کا افتتاح ہوگا اس میں مدھوبالا کی تصویر بھی ہوگی۔'

مدھو بالا عالمی سطح پر اس وقت ابھریں جب معروف و مقبول امریکی میگزن 'تھیئٹر اینڈ آرٹس' نے سنہ 1952 میں ان کی تصاویر شائع کی تھی۔

انڈین کے پوسٹل ڈیپارٹمنٹ نے ان کی یاد میں سنہ 2008 میں ایک ڈاک ٹکٹ جاری کیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اداکارہ قطرینہ کیف کا مومی مجسمہ لندن کے عجائب گھر میں سنہ 2015 مارچ میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا

خیال رہے کہ انڈیا کے دارالحکومت دہلی کے مرکزی علاقے کناٹ پلیس کے معروف ہال ریگل میں مادام تساد کا میوزیم قائم کیا جا رہا ہے جس میں امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان سمیت بالی وڈ کے بہت سے اداکاروں کے مجسمے نظر آئیں گے۔

اس وقت اس کا اعلان کرتے ہوئے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نک وارن نے کہا تھا'اس بات سے ہمیں بہت خوشی ہے کہ ایشیا کا سب سے پہلا مادام تساد بھارت میں کھل رہا ہے ۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں