بچوں کے لیے کریئر کی قربانی نہیں دی: کاجول

تصویر کے کاپی رائٹ KASSO MEDIA
Image caption کاجول نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ ان کے بچوں کی ذمہ داریاں ان کے فلمی کیریئر کے آڑے آئیں

'دل والے دلہنيا لے جائیں گے' 'بازی گر' اور 'کچھ کچھ ہوتا ہے' جیسی مقبول فلموں کی ہیروئین کاجول کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنے بچوں کے لیے فلمی کریئر کی قربانی نہیں دی ہے۔

90 کے عشرے میں جب اداکارہ کاجول کا فلمی کریئر عروج پر تھا تب انھوں نے اداکار اجے دیوگن سے شادی کر لی اور اس کے بعد منتخب فلمیں کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

’کاجول اب میری دوست نہیں ہیں‘

اداکارہ سری دیوی کی فلموں میں واپسی اچھی رہی ہے

’رنبیر کے لیے نہ دیپکا ٹھیک تھیں نہ قطرینہ‘

بی بی سی کے ساتھ خاص بات چیت میں کاجول نے اس بات سے انکار کیا کہ ان کے بچوں کی ذمہ داریاں ان کے فلمی کریئر کے آڑے آئیں۔

کاجول کہتی ہیں: 'میں نے اپنے بچوں کے لیے کوئی قربانی نہیں دی۔ میں نے بچے پیدا کیے کیونکہ میں ان کی ذمہ داری لینا چاہتی تھی۔ یہ کوئی قربانی نہیں ہے۔ وہ میرے بچے ہیں اور میں مرتے دم تک ان سے محبت کروں گی۔ میرا خاندان اور بچے میری ترجیح اور میری زندگی ہیں۔ میرا فلمی کام میری زندگی کا تو صرف ایک حصہ ہے۔'

تصویر کے کاپی رائٹ KASSO MEDIA

بالی وڈ کے کئی اداکاروں کے بچے میڈیا میں کثرت سے دکھائے جاتے ہیں تو کیا کاجول نے بیٹی نائيسا اور بیٹے یگ کو میڈیا کی نظروں سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے؟

اس پر کاجول کہتی ہیں: 'مجھ سے اکثر لوگ پوچھتے ہیں کہ کیا نائيسا فلموں میں آئے گی؟ وہ ابھی صرف 14 سال کی ہے۔ میں بچوں پر کسی طرح کا دباؤ، میڈیا یا لوگوں سے نہیں چاہتی، اس لیے انھیں لائم لائٹ سے دور رکھتی ہوں۔ میڈیا کی نظروں میں آ جانے کے بعد دانستہ یا نا دانستہ طور پر دباؤ آ ہی جاتا ہے۔ اس لیے میں نے اور اجے دیو گن نے طے کیا ہے کہ ہم انھیں میڈیا سے دور رکھیں گے۔ میں انھیں کریئر کے انتخاب کی آزادی دینا چاہتی ہوں۔ وہ اپنی زندگی میں کیا کرنا چاہتے ہیں یہ صرف ان کا اپنا فیصلہ ہو گا۔'

تصویر کے کاپی رائٹ KASSO MEDIA

فلم انڈسٹری میں 25 برس مکمل کرنے والی کاجول کے مطابق فلم انڈسٹری میں سٹار اور سٹارڈم کے معنی بدل گئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پہلے فلمی سٹارز کے آس پاس راز، اچھوتا پن اور سحر انگیزی کا ماحول رہتا تھا جو اب نہیں ہے۔ آج کے سٹار تک پہنچنا آسان ہے۔ وہ عام لوگوں سے زیادہ قریب ہوئے ہیں۔

کاجول کا کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری میں بہت سی تبدیلیاں آئی ہیں۔ اس تبدیلی میں فلم انڈسٹری کے لوگ منقسم ہونے کے ساتھ ساتھ کاروباری بھی ہو گئے ہیں۔ ان کے مطابق فلمی صنعت میں کئی طرح کی خوبیاں آئی ہیں اور نئے لوگوں کی آمد بھی ہوئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ KASSO MEDIA

ایک وقت تھا کہ کاجول نے علاقائی فلمیں نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب وہ اداکار دھنس کے ساتھ تمل فلم میں نظر آئیں گی۔ علاقائی زبانوں کی پیچیدگیوں اور مشکلات کے سبب کاجول نے علاقائی سینیما سے دور رہنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب کاجول کو لگتا ہے کی وہ چینی زبان میں بھی فلمیں کر سکتی ہیں۔

اداکار رجنی کانت کی بیٹی سوندريا رجنی کانت کی ہدایت میں بننے والی فلم 'وی آئی پی 2 للکار' میں کاجول تمل فلموں کے اداکار دھنس کے ساتھ نظر آئیں گی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں