سعودی عرب: کانسرٹ میں رقص کے مخصوص انداز پر گلوکار گرفتار

تصویر کے کاپی رائٹ Image copyrightABDALLAH AL SHAHANI
Image caption عبد اللہ الشہانی گلوکار ہونے کے ساتھ ساتھ، ایک ٹی وی میزبان اور اداکار ہیں

جنوب مغربی سعودی عرب میں ایک مقبول گلوکار کو ایک کانسرٹ کے دوران ’ڈیبنگ‘ کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ڈیبنگ رقص کا ایک ایسا انداز ہے جس میں ڈانس کرنے والا ایک بازو سے چہرہ چھپاتا ہے اور دوسرے بازو کو اپنے پیچھے کی جانب بڑھاتا ہے۔

سعودی شہری عبد اللہ الشہانی ایک ٹی وی میزبان اور اداکار ہیں جنھوں نے طائف میں ایک میوزک فسٹیول کے دوران یہ انداز اپنایا۔

قدامت پسند سعودی عرب میں ڈیبنگ ممنوع ہے کیونکہ حکام کے خیال میں یہ انداز منشیات کے کلچر کی نمائندگی کرتا ہے۔

عبد اللہ الشہانی کی ڈیبنگ کرتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئی اور ہزاروں لوگوں نے اس کے بارے میں ٹویٹ کیا ہے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ ڈیبنگ نے امریکی شہر اٹلانٹا میں تقریباً دو سال قبل ہپ ہاپ کلچر میں جنم لیا مگر مشہور شخصیات، کھلاڑیوں، فنکاروں، سیاستدانوں جیسے کہ پال رائن اور ہلری کلنٹن کے اس انداز کو اپنانے کے بعد اسے عالمی مقبولیت ملی۔

تصویر کے کاپی رائٹ NCNC
Image caption وزارتِ داخلہ کی جانب سے ڈیبنگ کے سلسلے میں جاری کردہ پوسٹر

سعودی وزارتِ داخلہ کے نیشنل کمیشن برائے انسدادِ منشیات نے حال ہی میں اس انداز کو ملک میں ممنوع قرار دیا تھا کیونکہ ان کی نظر میں رقص کے اس انداز کا چرس کے استعمال سے تعلق ہے۔

وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک پوسٹر پر ڈیبنگ کے ’نوجوان نسل اور معاشرے پر منفی اثرات‘ کے بارے میں بتایا گیا ہے اور لوگوں کو اسے اپنانے کے خلاف متنبہ کیا گیا ہے۔

گلوکار عبد اللہ الشہانی نے منگل کی صبح ٹوئٹر پر ایک پیغام میں معافی بھی مانگی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں اپنی معزز حکومت اور شائقین کو غیر متوقع اور غیر دانستہ طور اس انداز کو اپنانے کی معافی مانگتا ہوں۔ برائے مہربانی میری معافی قبول کر لیں۔‘

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں