مجھے مردوں سے نفرت نہیں ہے: کنگنا رناوت

کنگنا تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption کنگنا راناوت نے کہا کہ لوگ جب کوئی سوال کرتے ہیں تو بولوں تو لوگوں کو پریشانی ہوتی ہے اور نہ بولوں تو پریشانی ہوتی ہے

اداکارہ کنگنا راناوت کی فلم 'سمرن' آخر کار اس ہفتے ریلیز ہو گئی۔ اس فلم کی تشہیر کے دوران کنگنا نے جتنی پھلجڑیاں چھوڑیں اس کا اندازہ بالی وڈ کے مختلف لوگوں کی جانب سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر جاری گرما گرم بحث سے لگایا جا سکتا ہے۔

فلم کا پروموشن خاصا دھماکے دار رہا جس میں فلم سے زیادہ کنگنا اور ان کے سابق دوستوں سے متعلق ذاتی معلومات کھل کر عام کی گئیں اور کنگنا نے بھی ہر متنازع سوال کا کسی لگی لپٹی رکھے بغیر جواب دیا۔

٭ میری فلم صرف بالغوں کے لیے ہے: پہلاج نہلانی

٭ 'میں ریتک سے شادی کرنا چاہتی تھی'

٭ بالی وڈ کے لیے انگلش ونگلش ضروری؟

٭ ’مودی کو ٹانگیں دکھانے‘ پر پرینکا پر تنقید

اب ان تمام باتوں کا فلم کی تشہیر پر اچھا اثر پڑا یا برا یہ تو جلدی ہی پتہ چل جائے گا لیکن اس دوران کنگنا نے جو پٹاخے چھوڑے ان کی گونج کافی دیر تک لوگوں کے کانوں میں رہے گی۔

ایک انٹرویو میں کنگنا کا کہنا تھا کہ لوگ کیوں کہتے ہیں کہ انھیں مردوں سے نفرت ہے، انھیں تو انھیں مردوں سے نفرت نہیں۔

لیکن اگر ایسا ہے تو پھر کنگنا کے قول و فعل میں اتنا تضاد کیوں ہے؟

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption کنگنا نے حال ہی میں ممبئی میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی جس میں وویک اوبرائے بھی نظر آئے

'شاہد،' 'سٹی لائٹ' اور 'علی گڑھ' جیسی فلمیں بنانے والے فلسماز ہنسل مہتاکا کہنا ہے کہ انڈسٹری میں سری دیوی کے بعد کنگنا ہی بہترین اداکارہ ہیں۔

فلم 'سمرن' کے ہدایت کار ہنسل مہتا کا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں اگر ہیرو فلم میں کسی طرح کا مشورہ دے تو اسے مدد کہا جاتا ہے اور اگر ہیروئن کوئی مشورہ دے تو اسے مداخلت کا نام دیا جاتا ہے جو بہت غلط ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ فلم کی پروموشن کے دوران ان کی فلم نہیں بلکہ کنگنا کی ذاتی زندگی چھائی رہی تو انھوں نے کہا کہ انھیں اس بات سے کوئی پریشانی نہیں ہے۔

ہنسل کا کہنا تھا کہ لوگ سوال کریں گے تو جواب تو ملے گا ہی اس میں غلط کیا ہے۔ ویسے غلط تو بالکل بھی نہیں ہے وہ بھی ایسی صورت میں جب تنازع ہی فلم کی پروموشن کا حصہ بن جائے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption پرینکا چوپڑا نے بالی وڈ میں شہرت کے بعد ہالی وڈ میں بھی شہرت حاصل کی اور اب وہ ایک پروڈیوسر کے روپ میں بھی سامنے آئی ہیں

اس ہفتے پرینکا چوپڑا ٹوئٹر پر ٹرول کا نشانہ بنی رہیں۔ دراصل پرینکا اپنی فلم 'پہونا' کی پروموشن کر رہی تھیں جس کا پریمیئر ٹورینٹو فلمی میلے میں ہو رہا ہے۔

یہ فلم سکّم سے متعلق ہے جس میں تین نیپالی بچوں کی زندگی کی جدو جہد دکھائی گئی ہے۔ اسں دوران ایک انٹرویو میں پرینکا نے فلم پر روشنی ڈالنے کی کوشش میں کہا کہ سکم ایک خوبصورت ریاست ہے جہاں شورش کے سبب ہنگامہ ہے۔

پھر کیا تھا لوگوں نے پرینکا چوہڑا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انھیں بات کرنے سے پہلے ہوم ورک کر لینا چاہیے کیونکہ سکم میں کسی طرح کی کوئی شورش نہیں ہےاور یہ انڈیا کی پرامن ریاستوں میں سے ایک ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption پرینکا چوپڑہ سکم پر مبنی ایک فلم پہونا بنا رہی ہیں

پرینکا نے معاملے کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے فوری طور پرایک بیان جاری کرتے ہوئے لوگوں سے معافی مانگ لی۔ ویسے اس حوالے سے پرینکا کے لیے جس طرح کے کمنٹس سامنے آئے اس سے عالیہ بھٹ کی یاد تازہ ہو گئی جنھیں ملک کے صدر کا نام تک معلوم نہیں تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں