آر کے سٹوڈیو میں آگ: راج کپور کی تمام فلموں کے کاسٹیوم خاکستر

آر کے سٹوڈیو تصویر کے کاپی رائٹ Amir khan
Image caption آر کے سٹوڈیو میں راج کپور نے سنہ 1950 کے بعد کی اپنی تمام فلموں کی شوٹنگ کی تھی

انڈیا کے شہر ممبئی میں قائم معروف آر کے سٹوڈیو میں سنیچر کو آگ لگنے سے ٹی وی ریالٹی شو 'سپر ڈانس سیزن -2' کا سیٹ پوری طرح جل کر خاکستر ہو گیا۔

یہ سٹوڈیو سنہ 1948 میں ممبئی کے علاقے چیمبور میں بالی وڈ کے 'شو مین' کہلائے جانے والے اداکار اور فلم ساز راج کپور نے قائم کیا تھا۔

آتشزدگی کے اس واقعے میں ہلاکتوں کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

٭ رشی کپور کے ’کھلم کھلا‘ اعتراف

٭ ’فنکاروں کی موت کے بعد مکمل ہونے والی فلمیں‘

یہاں 'سپر ڈانس سیزن 2' کی چند قسطوں کی شوٹنگ ہوئی تھی لیکن سنیچر کو وہاں کسی شوٹنگ کا کوئی پروگرام نہیں تھا۔

آتشزدگی کے اس واقعے پر راج کپور کے بیٹے رشی کپور نے ٹوئٹر پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔

انھوں نے ٹویٹ کیا: 'یہ افسوسناک ہے، آر کے سٹوڈیو میں شدید آگ لگ گئی جس میں سٹیج -1 تباہ ہو گیا۔ شکر ہے کہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔'

ایک دوسرے ٹویٹ میں انھوں نے لکھا: 'ایک سٹوڈیو تو دوبارہ تعمیر کیا جا سکتا ہے، لیکن اس سے منسلک انمول یادیں اور آر کے فلم کے تمام کاسٹیوم کا ختم ہونا ہم سب کے لیے افسوسناک ہے۔ آگ میں سب کچھ برباد ہو گیا۔'

ممبئی فائر فائٹنگ کے چیف پی ایس رہانگڈالے نے بتایا کہ آر کے سٹوڈیو میں آگ دوپہر تقریباً ڈھائی بجے کے قریب لگی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ 'شام تک آگ پر قابو پا لیا گیا تھا اور اب عمارت کو ٹھنڈا کرنے کا کام کیا جا رہا ہے۔ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔'

ان کے مطابق یہ آگ عمارت کے تہہ خانے سے شروع ہوئی اور جلد ہی بڑے حصے میں پھیل گئی۔

خیال رہے کہ تقریباً چار ایکڑ پر محیط آر کے سٹوڈیو میں کئی یادگار فلمیں بنائی گئی ہیں۔ راج کپور اور ان کے خاندان کے دوسرے افراد دہائیوں تک اس میں کئی فلموں کی شوٹنگ کر چکے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ EXPANDABLES
Image caption یہ سٹوڈیو تقریباً چار ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے اور یہاں بہت سی یادگار فلمیں بنی ہیں

یہاں آر کے بینر تلے 'آوارہ'، 'آگ'، 'برسات'، 'گمراہ'، 'شری 420'، 'جس دیس میں گنگا بہتی ہے'، 'میرا نام جوکر'، 'بابی'، 'ستیم شیوم سندرم'، 'پریم روگ'، 'رام تیری گنگا میلی' اور 'حنا' جیسی یادگار فلمیں بنی ہیں۔

منموہن ڈیسائی نے اپنی تمام فلموں کی شوٹنگ یہیں کی۔

آر کے بینر کے تحت آخری فلم، 'آ اب لوٹ چلیں' بنی تھی۔

جب راج كپور کی سنہ 1988 میں وفاقت ہوئی تو ان کے سب سے بڑے بیٹے رندھیر کپور (کرینہ اور کرشمہ کپور کے والد) نے اس سٹوڈیو کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں