ہاروی وائن سٹین پر جنسی ہراس کے الزامات، آسکر اکیڈمی کا ہنگامی اجلاس طلب

ہاروی وائن سٹین، جنسی ہراساں تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنس کا کہناہے کہ وائن سٹین پر جنسی ہراسگی کے الزامات 'ناخوشگوار' ہیں

فلمی دنیا کے معروف ترین ایوارڈز آسکرز دینے والے ادارے نے ہالی وڈ کے معروف فلم پروڈیوسر ہاروی وائن سٹین پر جنسی ہراس کے الزامات لگنے کے بعد ان کے مستقبل کے بارے میں بات چیت کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز کا کہنا ہے کہ وائن سٹین پر جنسی ہراسگی کے الزامات 'ناخوشگوار' ہیں۔

برٹش اکیڈمی آف فلم اینڈ ٹیلی ویژن آرٹس یا بافٹا نے پہلے ہی ہاروی کی رکنیت معطل کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

* اینجلینا جولی کا ہالی وڈ پروڈیوسر پر ہراساں کرنے کا الزام

* مسلم خواتین کے لیے ’حلال‘ جنسی گائیڈ پر تنازع


وائن سٹین نے اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کو سختی سے مسترد کیا ہے۔

دوسری جانب نیو یارک پولیس نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ وہ ہاروی وائن سٹین پر لگنے والے الزامات کے تناظر میں ان تمام خواتین سے انفرادی طور پر ملاقات کرنا چاہتی ہے جنھوں نے 2004 سے ہاروی کے ساتھ وقت گزارا ہے۔

نیویارک پولیس نے اس بارے میں مزید تفصیل فراہم نہیں کی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption امریکہ کی اکیڈمی کا کہنا ہے کہ وہ وائن سٹین پر لگنے والے الزامات اور ان پر اکیڈمی کے ممکنہ ایکشن پر غور کرنے کے لیے سنیچر کو اجلاس بلائے گی۔

امریکہ کی آسکر اکیڈمی کا کہنا ہے کہ وہ وائن سٹین پر لگنے والے الزامات اور ان پر اکیڈمی کے ممکنہ ایکشن پر غور کرنے کے لیے سنیچر کو اجلاس بلائے گی۔

امریکی اکیڈمی وائن سٹین کمپنی اور میرامیکس سٹوڈیو کی بنائی ہوئی فلموں کو 81 سے زیادہ آسکر ایوارڈز دے چکی ہے۔

ادھر برطانوی اداکارہ اور ماڈل کارا ڈیلووین نے وائن سٹین پر نامناسب برتاو کے تازہ الزامات عائد کیے ہیں۔ ایک بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ ہاروی وائن سٹین نے اس وقت ان کا بوسہ لینے کی کوشش کی جب وہ ہوٹل کے کمرے سے جانے والی تھیں۔

کارا ڈیلووین کا کہنا ہے کہ 'میں نے بہت کمزور اور خوفزدہ محسوس کیا'۔

اس سے قبل کئی معروف اداکاراؤں نے جن میں اینجلینا جولی اور گیونتھ پالترو بھی شامل ہیں، وائن سٹین پر جنسی حملے یا ہراساں کرنے کے الزامات لگائے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption برطانوی اداکارہ اور ماڈل کارا ڈیلووین نے وائن سٹین پر الزام لگایا ہے کہ انھوں نے اس وقت انکا بوسہ لینے کی کوشش کی جب وہ ہوٹل کے کمرے سے جانے والی تھیں

اینجلینا جولی اور گیونتھ پالٹرو نے امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کو اپنے بیانات بھجوائے تھے جن میں انہوں نے بھی ہاروی پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔

ہالی وڈ کی معروف وائن سٹین کمپنی نے الزامات سامنے آنے کے بعد ہاروری کو کمپنی سے نکال دیا تھا جبکہ اُن کی اہلیہ ڈیزائنر جورجینا نے ایک میگزین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے شوہر کو چھوڑ رہی ہیں۔

ہاروی وائن سٹین کی اہلیہ نے کہا تھا کہ 'میرا دل اُن تمام خواتین کی وجہ سے بہت افسردہ ہے، جو اس تکلیف سے گزری ہیں۔ یہ اقدام قابلِ تلافی نہیں ہے۔'

65 سالہ ہاروی اور اُن کی 41 سالہ اہلیہ جورجینا کے دو بچے ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں