75ویں گولڈن گلوب میں سب نے سیاہ لباس کیوں پہنے؟

75واں گولڈن گلوب ایوارڈز تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption 75 ویں گولڈن گلوب ایوراڈز کی تقریب لاس اینجلس کے بیورلی ہلز میں منعقد کی گئی

75 ویں گولڈن گلوب ایوارڈز میں فلم 'تھری بل بورڈز آؤٹ سائڈ ایبنگ، مسوری' اور 'لیڈی برڈ' کی دھوم رہی۔

'تھری بل بورڈز آؤٹ سائڈ ایبنگ' کو بیسٹ موشن پکچرز (ڈرامہ) کے ساتھ مجموعی طور پر چار ایوارڈز ملے جبکہ 'لیڈی برڈ' نے کامیڈی اور میوزیکل کے زمرے میں بہترین موشن پکچرز کے ساتھ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔

فلم سیریز 'بگ لٹل لائیز' کو ٹی وی کے زمرے میں بہترین ٹی وی سیریز کے ساتھ چار ایوارڈز ملے۔

گیری اولڈ مین تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption برٹش اداکار گیری اولڈ مین کو ڈرامہ کیٹیگری میں بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا

معروف اداکارہ اوپرا ونفری کو انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں نمایاں خدمات کے لیے 'سیسل بی ڈی میلے' ایوارڈ سے نوازا گیا اور ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد ان کی تقریر کو لوگوں نے بہت سراہا۔ انھوں نے تقریب کے 'موڈ' کی عکاسی کرتے ہوئے کہا 'افق پر ایک نیا دن ابھرا ہے'۔

75 ویں گولڈن گلوب ایوراڈز کی تقریب لاس اینجلس کے بیورلی ہلز میں ہوئی جس میں ریڈ کارپٹ پر فنکاروں نے سیاہ لباس زیب تن کیے۔

اوپرا ونفری تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption اوپرا ونفری کو انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں نمایاں خدمات کے لیے سیسل بی ڈی میلے ایوارڈ سے نوازا گیا

انھوں نے 'ٹائمز اپ' مہم کی حمایت میں سیاہ لباس پہنے تھے جو کہ جنسی تشدد اور ہراس کے شکار افراد کی حمایت میں حال میں سامنے آئی ہے۔

خیال رہے کہ ہالی وڈ میں جنسی ہراسگی کے معاملات سامنے آنے کے بعد منعقد ہونے والی یہ پہلی بڑی تقریب تھی۔

تھری بل بورڈس تصویر کے کاپی رائٹ Fox
Image caption 75 ویں گولڈن گلوب میں تھری بل بورڈس بہترین فلم قرار پائی

ڈرامہ کی کیٹیگری میں بہترین اداکار کا ایوارڈ گیری اولڈمین کو فلم 'ڈارکسٹ آور' میں اداکاری کے لیے دیا گیا جبکہ اسی شعبے میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ 'تھری بل بورڈز' کی اداکارہ فرانسس میکڈورمانڈ کو ملا۔

کامیڈی اور میوزیک کے زمرے میں بہترین اداکار کا ایوارڈ جیمز فرینکو کو فلم 'دا ڈیزاسٹر آرٹسٹ' میں اداکاری کے لیے ملا جبکہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ سوئرسے رونن کو فلم لیڈی برڈ میں ان کی اداکاری کے لیے ملا۔

لیڈی برڈی تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption فلم لیڈی برڈی کو دو ایوارڈز ملے

معاون اداکار کا ایوارڈ تھری بل بورڈ میں اداکاری کے لیے سیم راک ویل کو ملا جبکہ معاون اداکارہ کا ایوارڈ ایلیسن جینی کو فلم 'آئی، ٹونیا' کے لیے ملا۔

بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ 'دا شیپ آف واٹر' کے لیے گلرمو ڈیل ٹورو کو ملا۔

نکول کڈمین تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

بہترین سکرین پلے کا ایوارڈ بھی تھری بل بورڈ کے حصے میں آیا جبکہ بہترین اینیمیٹڈ فلم کا ایوارڈ 'کوکو' کو ملا۔

بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کا ایوارڈ 'ان دا فیڈ' کو ملا۔

ہو گرانٹ اور سارا جیسیکا پارکر تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption ہو گرانٹ اور سارا جیسیکا پارکر کو یہاں ایک ساتھ دیکھا جا سکتا ہے انھوں نے جرمنی کی فلم 'ان دا فیڈ' کو ایوارڈ دیا

ٹی وی کے میدان میں بہترین اداکار کا ایوارڈ انڈین نژاد اداکار اور سٹینڈ اپ کامیڈین عزیز انصاری کو 'ماسٹر آف نن' کے لیے دیا گیا جبکہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ریچل بروسنن کو 'دا مارولس مسز میزل' کے لیے دیا گیا۔

عزیز انصاری تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

اداکارہ نکول کڈمین کو بگ لٹل لائیز ٹی وی سیریز کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوراڈ ملا اور اسی زمرے میں بہترین اداکار کا ایوارڈ ایوان میکگریگور کو 'فارگو' کے لیے ملا۔

۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں