اولمپکس کے لیے خصوصی نشریات کے منصوبے

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ان منصوبوں سے کھیلوں کا ذوق رکھنے والے افراد مزید لطف اٹھا پائیں گے: روجر موسی

سنہ دو ہزار بارہ لندن اولمپکس کے دوران بی بی سی نے ایک عارضی اولمپکس ریڈیو سٹیشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بی بی سی تھری پر براہ راست کھیلوں کی خصوصی نشریات پیش کی جائیں گی۔

رواں ہفتے پیر کو بی بی سی ٹرسٹ نے ایک منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت کھیلوں کی ایک ہزار گھنٹے تک کی ٹی وی پر نہ دکھائی جانے والی وڈیو براہ راست آن لائن نشر کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس نئے ’فائیو لائیو اولمپکس ایکسٹرا‘ نامی سٹیشن سے پہلے بھی کھیلوں کے لیے دو سٹیشن، فائیو لائیو اور فائیو لائیو سپورٹس ایکسٹرا، کی نشریات جاری ہیں۔

کارپوریشن کے بقول بی بی سی تھری پر دن بھر کی نشریات کے اخراجات تقریباً پینتالیس لاکھ پونڈ کے لگ بھگ ہوں گے۔

یہ ڈیجیٹل چینل جو عام طور پر صرف شام کو نشر کیا جاتا ہے اولمپکس کے دوران رات گیارہ بجے تک کھیلوں کے لیے وقف کر دیا جائے گا۔

بی بی سی کے ڈائریکٹر برائے اولمپکس دو ہزار بارہ روجر موسی نے اپنے بلاگ میں لکھا کہ ان منصوبوں سے ’کھیلوں کا ذوق رکھنے والے افراد مزید لطف اٹھا پائیں گے۔‘

سنہ 2012 کے اولمپکس مقابلے ستائیس جولائی سے بارہ اگست تک برطانوی دارالحکومت لندن میں منعقد ہوں گے۔

اسی بارے میں