امیتابھ بچن پہلی بار ہالی وڈ فلم میں

Image caption امیتابھ بچن اب تک ایک سو اسی ہندی فلموں میں کام کر چکے ہیں

امریکی فلم کمپنی وارنر برادرز کے ایک پروڈیوسر کے مطابق بالی وڈ کے نامور اداکار امیتابھ بچن پہلی بار ہالی وڈ کی ایک فلم میں کام کر رہے ہیں۔

امیتابھ بچن سکاٹ فٹز جیرالڈ کے کلاسیکل ناول گریٹ گیٹس بائی پر مبنی فلم میں ایک یہودی جواری کا کردار ادا کریں گے۔

بارہ کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والے اس فلم میں مرکزی کردار اداکار لئونارڈو ڈیکیپریو ادا کر رہے ہیں اور اس فلم کی شوٹنگ آسٹریلیا میں شروع ہو چکی ہے۔

امیتابھ کا کمال، کامیابی کے چالیس سال

فلم کے ڈائریکٹر باز لہرمین نے کہا کہ وہ بڑی سکرین کے اس لیجنڈ کے ساتھ کام کرنے میں بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں۔

باز لہرمین بھارتی فلموں کے شائق سمجھے جاتے ہیں اور انھوں نے چند سال پہلے اپنی فلم مولن روج میں ایک بھارتی گانا بھی استعمال کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وہ امیتابھ بچن کی فلم شعلے سے بہت متاثر ہوئے جس نے ان کی زندگی اور پیشے پر ان مٹ نقوش چھوڑے۔

حالیہ دنوں امیتابھ بچن کون بنےگا کروڑ پتی کے ذریعے چھوٹی سکرین پر حکمرانی کے بعد دوبارہ بڑی سکرین کی طرف اس ہالی ووڈ فلم کے ذریعے لوٹ رہے ہیں۔ انہیں انیس سو ننانوے میں بی بی سی کی جانب سے صدی کے سب سے بڑے فنکار کا اعزاز دیا گیا تھا۔

چالیس سال تک انڈین فلم انڈسٹری پر چھائے رہنے والے امیتابھ بچن اب تک ایک سو اسی ہندی فلموں میں کام کر چکے ہیں اور اب تک بھارت کے سب سے مقبول اداکار ہیں۔

اسی بارے میں