’سگریٹ، شراب کے اشتہار نہیں کروں گا‘

جان ابراہم تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

بالی وڈ اداکار جان ابراہم کہتے ہیں کہ وہ صرف ایک اداکار یا ماڈل نہیں ہیں بلکہ وہ ملک کے نوجوانوں کے لئے ایک رول ماڈل بھی ہیں اس لیے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے وہ سگریٹ یا شراب کے اشتہارات میں کبھی کام نہیں کریں گے۔

جان کہتے ہیں کہ ان کی شبیہ ایک ایسے اداکار کی ہے جو صحت یا پھر موٹر سائیکل سے جڑی مصنوعات کے ہی اشتہار کرتا اچھا لگتا ہے۔

جان کے مطابق کسی بھی برانڈ سے تعلق جوڑنے سے پہلے وہ اس کے بارے میں ساری معلومات اکٹھی کرتے ہیں۔ جان کے مطابق اس وقت ان کے پاس کسی بھی دوسرے فن کار کے مقابلے میں سب سے زیادہ اشتہار ہیں۔

جان کا کہنا ہے کہ ان کی برانڈ ویلیو ان کی فلموں کی کامیابی یا ناکامی پر انحصار نہیں کرتی بلکہ لوگ ان کے پاس اس لیے آتے ہیں کیونکہ وہ فِٹ ہیں۔

اپنی فٹنس کو برقرار رکھنے کے لیے جان سخت محنت کرتے ہیں۔ جان کہتے ہیں کہ’جب بھی میرے پاس آکر یہ کہتا ہے کہ اسے بھی میرے جیسی ہی باڈی چاہیے تو مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔‘

جلد ہی جان کی فلم ’فورس‘ ریلیز ہونے والی ہے۔ جان کہتے ہیں کہ ’فلم کے ہدایتکار نشكات كامتھ چاہتے تھے کی اس فلم میں میری باڈی ہالی وڈ اداکار سلویسٹر سٹالون کی طرح ہو اور اس کے لئے میں نے آٹھ مہینوں تک سخت محنت کی۔‘

’فورس‘ میں جان انشدادِ منشیات کے محکمے کے ایک افسر کے کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کے ذریعے جان لوگوں کو نشہ آور ادویات سے دور رہنے کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔

’فورس‘ 30 ستمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جار رہی ہے۔

اسی بارے میں