بی بی سی نیوز کے لیے بین الاقوامی ایوارڈ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption جائلز ولسن اور بیلا ہریل نے ایوارڈ وصول کیا۔

بی بی سی نیوز کی ویب سائٹ کو صحافت میں اعلٰی معیار پر بین الاقوامی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

بڑی ویب سائٹس میں نیو یارک ٹائمز، واشنگٹن پوسٹ، اور الجزیرہ انگریزی سے بی بی سی کی ویب سائٹ کا مقابلہ تھا جس میں آن لائن جرنلزم ایوارڈ بی بی سی کے کھاتے میں آیا۔

امریکہ کے شہر بوسٹن میں بی بی سی کے فیچر ایڈیٹر جائلز وِلسن نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا ’یہ ان سب کی خدمات کا بہترین اعتراف ہے جو اس ویب سائٹ کے لیے محنت سے کام کرتے ہیں۔‘

زیٹ آن لائن، فِلپ بورڈ اور واشنگٹن پوسٹ نے بھی ایوارڈ جیتے۔

ججوں نے بی بی سی نیوز کی ویب سائٹ کی تعریف کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ’معیار کی علمبردار (بی بی سی نیوز کی ویب سائٹ) اس شعبہ کو آگے بڑھا رہی ہے اور صحافت میں ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھارہی ہے۔‘

ایڈیٹر سٹیو ہرمین کا کہنا ہے ’ایوارڈ ملنے کی خبر بہت ہی شاندار ہے، اور یہ ایسے موقع پر ملی ہے جب نیوز سائٹ میں بڑے پیمانے پر رد و بدل کیا گیا ہے جس میں ڈیزائن کی مکمل تبدیلی بھی شامل ہے۔ اب کوئی ایک سال ہونے کو آیا ہے کہ بہت زیادہ خبریں آرہی ہیں اور ہم اس قابل ہیں کہ بی بی نیوز گیدرنگ کی صلاحیت اور مہارت کو متاثر کن انداز میں نمایاں کریں۔‘

یہ ایوارڈ سنہ دو ہزار میں شروع کیے گئے اور یہ ایوارڈز آن لائن نیوز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے یونیورسٹی آف میامی سکول آف کمیونیکیشن کی جانب سے دیے جاتے ہیں۔

اس میں اعلٰی معیار کی ڈیجیٹل جرنلزم، آزاد، کمیونٹی اور غیر منافع بخش خبررساں ادارے اور بین الاقوامی نیوز ویب سائٹس کو شامل کیا جاتا ہے۔

اسی بارے میں