بالی وڈ راؤنڈ اپ

قطرینہ کیف تصویر کے کاپی رائٹ bbc
Image caption قطرینہ کیف دھوم تھری میں ایک نغمہ گائیں گی

قطرینہ کیف گلوکاری کریں گی

اداکاری کی دنیا میں اپنے جلوے دکھانے اور کئی ہٹ فلمیں دینے والی اداکارہ قطرینہ کیف اب گلوکاری کے جوہر بھی دکھائیں گی۔اس سے پہلے پرینکا چوپڑا ایک میوزک ایلبم ریکارڈ کرچکی ہیں جس میں انہوں نے خود گلوکاری کی تھی۔ اب قطرینہ کیف بھی کچھ ایسا ہی کرنے والی ہیں۔ قطرینہ کیف دھوم تھری میں ایک نغمہ گائیں گی۔ اس کے لیے انہوں نے گلوکاری سیکھنی شروع کردی ہے۔ قطرینہ کیف پہلے ہی ہندی سیکھنے کے لیے کلاسز لے رہی ہیں اور اس کے ساتھ وہ ڈانس بھی سیکھ رہی ہیں۔ قطرینہ یہ کیا ایک جان اور اتنا بوجھ۔۔۔

Image caption شاہ رخ خان اپنی اداکاری کو سنجیدگی سے لیتے ہیں

شاہ رخ خان آئینے کے سامنے

شاہ رخ خان کی ادکاری کو کون سلام نہیں کرتا ہے۔ ہندوستان سے لیکر پوری دنیا میں شاہ رخ خان کو چاہنے والوں کی کمی نہیں ہے۔ ان کے شائقین کہتے ہیں کہ شاہ رخ کوئی بھی کردار آسانی سے کرسکتے ہیں۔ لیکن کیا ان کے مداحوں کو معلوم ہے کہ شاہ رخ کوئی بھی سین کرنے کے لیے گھنٹوں آئینے کے سامنے پریکٹس کرتے ہیں۔ حال ہی میں ایک پریس کانفرنس میں شاہ رخ خان نے بتایا کہ ایک سین کی پریکٹس کے لیے کم از کم آدھے گھنٹے آئینے کے سامنے ریہرسل کرتے ہیں۔ شاہ رخ شاید اسی لیے آپ کی اداکاری میں اتنا دم ہوتا ہے۔

Image caption دیا مرزا کم فلموں میں نظر آتی ہیں

دیا کو مل گیا پیا

دیا مرزا نے آخر اس بات کا کھلے عام اعتراف کر ہی لیا کہ وہ اپنے قریبی دوست ساحل سنگہا سے جلد شادی کرنے والی ہیں۔ ساحل سہنگا نے دیا مرزا کے پروڈکشن میں بنی فلم ’لو، بریک اپ اور زندگی‘ کی ہدایت کاری کی تھی۔ اور بہت دنوں سے بالی وڈ میں اس طرح کی خبریں تھیں کہ دیا اور ساحل ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں اور ان کے درمیان پیار محبت کا رشتہ ہے۔ دیا نے ان خبروں کی تصدیق کی اور کہا ہے کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں ساحل جیسا ساتھی ملا ہے۔

Image caption اکشے کمار نے بہت دن سے کوئی ہٹ فلم نہیں دی ہے

اکشے کریں گے آشوتوش کی فلم

اکشے کمار ویسے تو بہت دن سے کوئی ہٹ فلم نہیں دے پائے ہیں لیکن اب امید ہے کہ وہ جلد ہی ایک ہٹ فلم دے سکتے ہیں۔ وہ یوں کیونکہ وہ ’لگان‘ جیسی ہٹ فلم بنانے والے ہدایت کار آشوتوش گواریکر کی اگلی فلم میں اہم کردار ادا کریں۔ آشوتوش ایک بہترین ہدایت کار ہیں اور ان کی بہت کم فلمیں فلاپ ہوئی ہیں۔ آشوتوش کےساتھ کام کر کے ہوسکتا ہے اکشے کے بھی ستارے بلند ہوجائیں۔ سنگھ از کنگ کے بعد اکشے کمار ایک بھی ہٹ فلم نہیں دے پائے ہیں۔

اسی بارے میں