’فلمی میلہ ایک اچھا پلیٹ فارم ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ pr
Image caption ’ہم چاہتے تھے کہ اس بار اس میلے میں دنیا کی بہترین فلمیں دکھائی جائیں‘

انکر ، متھن اور منڈی جیسی شاہکار فلمیں بنانے والے بھارتی فلم ساز شیام بینیگل کا کہنا ہے کہ ممبئی فلم فیسٹیول کی شکل میں بھارت کے نوجوان فلمسازوں اور ہدایتکاروں کو ایک اچھا پلیٹ فارم میسر آیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ’یہ فلمی میلہ نوجوان فلمسازوں کے لیے ایک اچھا موقع ہے ، یہاں وہ اپنی فلمیں مقامی اور غیر ملکی تقسیم کاروں کو دکھا سکتے ہیں۔ یہ فیسٹیول کاروبار کے لحاظ سے بھی بہت اچھا ہے‘۔

شیام بینیگل ’مامی‘ کے صدر ہونے کے ساتھ ساتھ اس فلمی میلے میں دکھائی جانے والی فلموں کے انتخاب کی کمیٹی میں بھی شامل ہیں۔

بینیگل ممبئی فلم فیسٹیول کو ملنے والی پذیرائی سے بھی بہت خوش ہیں۔ وہ کہتے ہیں،’لوگ اس کے بارے میں بہت پرجوش ہیں۔ بس وہ جلدی سے سنیما گھر کے اندر گھس کر فلم دیکھ لینا چاہتے ہیں۔ ہم گزشتہ تیرہ برس سے اسی طرح کے ردعمل کا انتظار کر رہے تھے‘۔

فلمی میلے میں شامل فلموں کے انتخاب کے بارے میں بینیگل کا کہنا ہے کہ ’ہم چاہتے تھے کہ اس بار اس میلے میں دنیا کی بہترین فلمیں دکھائی جائیں اور ہم اپنی کوشش میں کامياب بھی ہوئے ہیں ، اس بار برلن اور کانز بین الاقوامی فلمی میلوں میں ایوارڈ جیتنے والی فلمیں بھی یہاں دکھائی جا رہی ہیں‘۔

ممبئی فلم فیسٹیول تیرہ اکتوبر کو شروع ہوا تھا اور یہ بیس اکتوبر تک جاری رہے گا اور اس دوران یہاں ساٹھ ممالک کی دو سو سے زائد فلمیں دکھائی جا رہی ہیں۔

اسی بارے میں