بانڈ سیریز کی نئی فلم کی شوٹنگ شروع

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ڈینیل کریگ تیسری بار 007 کے کردار میں آ رہے ہیں

بانڈ سیریز کی نئی فلم کا نام سکائی فال رکھا گیا ہے۔ یہ 007 سیریز کی تیئسویں فلم ہوگی جو اگلے برس کی آخری سہ ماہی میں ریلیز ہوگی۔

جیمز بانڈ کے سیریز کے فلم سازوں نے بھی اعتراف کیا کہ اس کا عنوان کم سے کم لندن میں تو راز نہیں رہ گیا تھا۔ اس سال کے شروع میں جب ایک انٹرنیٹ سائٹ پر اس نام کو رجسٹر کرایا گیا تھا، اسی وقت سے اس نام کے بارے میں قیاس آرائی ہو رہی تھی.

اس عنوان کا ایئن فلیمنگ کی کہانیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے اور فلم ساز باربرا بروكلي صرف اتنا کہنے کے لئے تیار ہیں کہ اس کا کچھ ’جذباتی حوالہ‘ ہے جس پر فلم میں ہی روشنی ڈالی جائے گی۔

لندن کے كورینتھيا ہوٹل میں اس فلم کے آغاز کے موقع پر ڈائریکٹر سیم مینڈیس نے مداحوں کا یقین دلایا ہے کہ فلم کے سکرپٹ میں ’کلاسک بانڈ فلموں کے تمام عناصر موجود ہیں اور تمام افواہوں کے باوجود بہت زیاد ایکشن بھی ہے۔‘

ڈینیل کریگ تیسری بار 007 کے کردار میں ہیں جبکہ جیوير بارڈیم ولن کا رول ادا کر رہے ہیں۔

فرانسیسی اداکارہ بیرینكا مارلوہے کو فلم میں سیویران کا نام دیا گیا ہے اور وہ ایک دلکش اور پر اسرار کردار ادا کر رہی ہیں۔

ڈائریکٹر مینڈیس سنہ انیس سو ننانوے میں امریکن بیوٹی کی ہدایتکاری کرنے پر آسکر ایوارڈ جیت چکے ہیں۔ فلم کا منظر نامہ سابق بانڈ مصنف نیل پروس، رابرٹ ویڈ اور جان لوگان نے لکھا ہے۔

خراب معاشی ماحول کے باوجود بانڈ کے فلمسازوں نے اسکائی فال کے بجٹ میں کمی کے کوئی اشارہ نہیں دیے ہیں۔ پروڈیوسر مائیکل ولسن نے کہا کہ اس فلم کا بجٹ سنہ دو ہزار آٹھ میں آئی فلم كوانٹم آف سولیس کے قریب قریب ہے یعنی تقریباً بیس کروڑ ڈالر۔

اس فلم کی شوٹنگ لندن کے وائٹ ہال، اسکاٹ لینڈ ، چین اور ترکی میں ہوگی. اسکائی فال کی شوٹنگ شروع ہو چکی ہے اور برطانیہ میں اس فلم کو چھبیس اکتوبر سنہ دو ہزار بارہ کو نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔