ایرانی فلم کے لیے بی بی سی فور ایوارڈ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption فلم میں پیمان موادی اور لیلٰی حطامی نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں

ایک ایرانی جوڑے کی ناکام شادی کے موضوع پر بنائی گئی فلم کو بی بی سی فور ورلڈ سنیما ایوارڈز میں بہترین فلم قرار دیا گیا ہے۔

’اے سیپریشن‘ یا ’ایک علیحدگی‘ نامی فلم کے ہدایتکار اصغر فرہادی ہیں لیکن وہ اپنا ایوارڈ لینے کے لیے لندن آنے میں ناکام رہے۔

ایوارڈ وصول کرتے ہوئے فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر نگار اسکندرفر کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ فلم کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔

اس فلم میں پیمان معادی اور لیلٰی حطامی نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں اور یہ رواں برس برلن فلمی میلے میں بہترین فلم کا گولڈن بیئر ایوارڈ بھی جیت چکی ہے۔

بہترین فلم کے لیے ’اے سیپریشن‘ کا مقابلہ پانچ دیگر فلموں سے تھا جبکہ اس ایوارڈ کی جیوری میں ہدایتکار ڈیوڈ ہیئر، دستاویزی فلمساز گریندر چڈھا، آسکر انعام یافتہ پروڈیوسر جان بیٹسیک اور بکر انعام یافتہ مصنف کزوؤ اشیگرو شامل تھے۔

گزشتہ برس آسکر کے لیے نامزد کی جانے والی فلم دی وائٹ ربن نے بہترین فلم کا بی بی سی فور ورلڈ سنیما ایوارڈ جیتا تھا۔

اسی بارے میں