’سیف اور کرینہ کی شادی کی تاریخ طے نہیں‘

کرینہ کپور تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption کرینہ کپور اور سیف علی خان کی دوستی کسی سے چُھپی نہیں ہے

بالی وڈ کی اداکارہ اور کرینہ کپور کی بڑی بہن کرشمہ کپور نے کہا ہے کہ سیف علی خان اور کرینہ کپور کی شادی کب ہوگی یہ ابھی طے نہیں ہوا ہے۔

کرینہ کپور اور سیف علی خان کی دوستی کسی سے چُھپی نہیں ہے اور دونوں ادکار یہ کہتے رہے ہیں کہ وہ جلد ہی شادی کریں گے۔

کرشمہ کپور کا کہنا ہے کہ شادی کی تاریخ ابھی طے نہیں اور نہ ہی اس سے متعلق کوئی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

کرشمہ کپور جب ممبئی کے ایک پروگرام میں حصہ لینے کے لیے پہنچیں تو وہاں موجود صحافیوں نے ان سے پوچھا کہ وہ اپنی بہن کرینہ کی شادی کے لیے کس طرح کی تیاریاں کررہی ہیں۔

اس سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا ’جہاں تک مجھے پتہ ہے ابھی تک شادی کی تاریخ طے نہیں ہے اور نہ ہی کوئی پلاننگ ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ وہ دونوں جب اس بارے میں کوئی فیصلہ کریں گے تو چاہیں گے کہ پوری دنیا کو اس کے بارے میں معلوم ہو۔‘

سیف علی خان کہہ چکے ہیں کہ سنہ دو ہزار بارہ تک وہ کرینہ کپور سے شادی کرلے گیں۔

حالانکہ سیف علی خان کے والد منصور علی خان پٹودی کے انتقال کے بعد سیف اور کرینہ کی شادی کی خبریں کم آرہی ہیں۔ اس کی یہ وجہ بھی ہوسکتی ہے کہ گزشتہ دو مہینے پہلے منصور علی پٹودی کا انتقال ہوا اور سیف علی خان کے مطابق ان کا خاندان صدمے میں ہے۔

کرشمہ کپور ایک لمبے عرصے کے بعد بالی وڈ میں واپس آرہی ہیں۔ ان کی آنے والی فلم ’ڈینجرس عشق‘ ہے۔

اس فلم کے بارے میں کرشمہ کپور بتاتی ہیں ’میں فلم سیٹ پر واپس آنے کا پوری طرح سے مزہ لے رہی ہوں۔ اس فلم کی شوٹنگ کرتے وقت مجھے بے حد مزہ لے رہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ لوگوں کو یہ فلم پسند آئے گی۔‘

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ ستے پے ستہ فلم کے ریمیک میں کام کررہی ہیں اور یہ فلم جلد ہی منظر عام پر آئے گی۔

کرشمہ کپور نے دلّی کے ایک صنعت کار سنجے کپور سے شادی کرنے کے بعد فلموں سے الوداع کہہ دیا تھا۔

اسی بارے میں