’ودیا کو اپنے نام کے آگے خان لگانا چاہیے‘

ودیا بالن تصویر کے کاپی رائٹ PR Agency
Image caption ودیا بالن ایک بہترین اداکارہ ہیں

بالی وڈ فلم ’ڈرٹی پکچر‘ کی کامیابی کے بعد ودیا بالن کی ادکاری کی ہر کوئی تعریف کررہا ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ ودیا فلم کی ہیرو ہیں۔ فلم کی پروڈیوسر اور اداکار جتندر کی بیٹی ایکتا کپور کا کہنا ہے کہ ودیا بالن بالی وڈ کے تین خانوں شاہ رخ، عامر اور سلمان خان کی ٹکر کی ہیروئن بن گئی ہیں۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق فلم اب تک پچاس کروڑ روپے سے زیادہ کا کاروبار کرچکی ہے۔

ڈرٹی پکچر گزشتہ ہفتے ریلیز ہوئی ہے۔ فلم کو زبردست اوپننگ ملی ہے اور اس فلم میں ودیا بالن کی ادکاری کی بے حد تعریف ہورہی ہے۔

ڈرٹی پکچر کی کہانی جنوبی ہندوستان کی ہیروئن سلک سمتھا کی فلمی زندگی پر مبنی ہے۔

فلم کی کامیابی کی خوشی میں فلم کی پروڈیوسر ایکتا کپور نے ممبئی میں ایک پارٹی دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا ’میں ودیا کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے اس فلم میں کام کیا۔ میں سمجھتی ہوں کہ اس فلم میں ان کی اداکاری جس معیار کی ہے اس کےبعد انہیں اپنے نام کے آگے خان لگانا چاہیے۔‘

ایکتا کپور کا کہنا تھا کہ ودیا بالن بالی وڈ کی ’فیمیل خان‘ ہیں۔

بالی وڈ میں شاہ رخ خان، عامر خان اور سلمان خان کا جلوہ ہے اور انہیں اداکاری کا ماہر مانا جاتا ہے۔ ڈرٹی پکچر کو دیکھنے کے بعد ناقدین کا کہنا ہے کہ اس وقت ودیا بالن بالی وڈ کی واحد ایسی ادکارہ ہیں جو اپنے دم پر فلم کو کامیابی دلاسکتی ہیں۔

ایکتا کپور کے اس بیان پر ودیا بالن کا کہنا ہے ’آپ یہ بات اس طرح بھی کہ سکتے ہیں کہ بالی وڈ کے سارے خان اپنے نام کے آگے بالن لگانا شروع کردیں۔‘

ودیا بالن نے گزشتہ کچھ سالوں میں بعض ایسی فلمیں کی ہیں جو صرف ان کی ادکاری کے لیے یاد کی جائیں گی۔ ان میں عشقیہ، پا، اور ڈرٹی پکچر شامل ہیں۔

ڈرٹی پکچر کے لیے ودیا بالن نے اپنا وزن بڑھایا ہے اور فلم میں انہوں نے اپنے جسم کی نمائش بھی خوب کی ہے۔ ودیا بالن کا کہنا ہے کہ انہیں پورا یقین تھا کہ موٹاپے کے باوجود جسم کی نمائش کرنے پر بھی وہ فحش نہیں دکھائی دیں گی۔

ودیا بالن کا کہنا ہے کہ ان کی فلموں کو پہلے بھی باکس آفس پر کامیابی ملی ہے لیکن ڈرٹی پکچر ان کے لیے ہمیشہ خاص رہے گی کیونکہ یہ فلم پوری طرح سے اُن کی فلم ہے۔

ڈرٹی پکچر کے بارے میں یہ کہا جارہا ہے کہ بہت دنوں بعد بالی وڈ میں اس طرح کی فلم بنی ہے جو صرف اور صرف ہیروئن کی فلم ہے۔

بالی وڈ کی بیشتر فلموں میں ادکاراؤں کا کردار صرف ناچ گانے تک محدود ہوتا ہے لیکن اس فلم نے اس روایت کو توڑا ہے۔

اس سے پہلے تبو، مادھوری ڈکشت، شری دیوی اور کاجول بعض ایسی ادکارائیں رہی ہیں جو فلموں میں نمایاں کردار کرتی تھیں۔

آج کے دور میں ودیا بالن کو بالي وڈ کی نمبر ون ہیروئن مانا جارہا ہے جو خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ اداکاری کرنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہیں۔

اسی بارے میں